سابق وزیر اعظم آزادکشمیر سردار عبدالقیوم خان کی دسویں برسی عقیدت و احترام کیساتھ منائی گئی

جمعرات 10 جولائی 2025 19:40

مظفر آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 10 جولائی2025ء) سابق صدر ریاست و سابق وزیر اعظم آزادکشمیر مجاہد اول سردار عبدالقیوم خان کی دسویں برسی نہایت عقیدت و احترام کے ساتھ غازی آباد میں منائی گئی۔ مجاہد اول کے مزار پر پھولوں کی چادر چڑھائی گئی پولیس کے چاق و چوبند دستے نے سلامی پیش کی،مزار پر قرآن خوانی کا اہتمام بھی کیا ،نعت خواں حضرات نے نعتیہ کلام پیش کیا۔

بعد ازاں برسی کی تقریب سے سابق وزراء اعظم سردار عتیق احمد خان،راجہ محمد فاروق حیدر خان،وزیر زراعت سردار میر اکبر خان،سابق وزیر راجہ محمد یسین خان ، سابق ممبر اسمبلی عبدالرشید ترابی، ڈائریکٹر اموت دینیہ محمد ظفر،حریت رہنما زاہد صفی،جماعت اسلامی کے امیر محمد مشتاق کے علاوہ حریت کانفرنس کے رہنماوں ،سمیت دیگر درجنوں مقررین نے اپنے اپنے خطابات میں مجاہد اول کی تحریک آزادی کشمیر کے لیے خدمات،سیاسی و سماجی خدمات کو زبردست الفاظ میں خراج عقیدت پیش کیا۔

(جاری ہے)

برسی کی تقریب سے خطاب کرتے ہوے سابق وزراء اعظم سردار عتیق احمد، راجہ محمد فاروق حیدر. خان، وزیر زراعت سردار میر اکبر خان ، سابق وزیر راجہ یسین، عبدالرشید ترابی نے کہا کہ مجاہد اول کی سیاسی و عسکری جد و جہد ہمارے لیے مشعل راہ ہے مجاہد اول نے ہمیشہ نظریہ الحاق پاکستان کو مقدم رکھا اور پاکستان کیساتھ کشمیریوں کے رشتے کو کبھی کمزور نہیں ہونے دیا مجاہد اول کی قیادت میں ڈوگرہ سامراج کے خلاف ہونے والی بغاوت اور مسلح جد و جہد آج کی نسلوں کو یہ پیغام دیتی ہے کہ ہمارے اجداد نے ظلم کے سامنے ڈٹ کر مقابلہ کرتے ہوے اس ریاست کی آزادی حاصل کی لاکھوں شہداء کا خون تحریک آزادی میں شامل ہے مجاہد اول کے نظریات اور افکار کو لیکر آگے بڑھیں گے اور کشمیر کی مکمل آزادی تک اپنی جد و جہد جاری رکھیں گے۔

انہوں نے کہا کہ مجاہد اول نے ہمیشہ نظریاتی سیاست کو فروغ دیا ریاست کو ہمیشہ تحریک کا بیس کیمپ بنانے کے لیے کردار ادا کرتے رہے مجاہد اول کے چاہنے والے آج بھی آزادکشمیر و پاکستان کے علاوہ پوری دنیا میں ہیں اور مجاہد اول کی سیاسی بصیرت اور تحریک آزادی کے معترف ہیں ہم یہ عہد کرتے ہیں کہ مجاہد اول کے مشن کی تکمیل کے لیے سب مل کر کام کریں گے اور ریاست کی مکمل آزادی تک چین سے نہیں بیٹھیں گے۔ تقریب میں ڈپٹی کمشنر باغ راجہ صداقت سمیت ضلعی انتظامیہ کے آفیسران ، سیاسی قائدین، علماے کرام، وکلاء،صحافیوں کے علاوہ عوام کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔