Live Updates

پی ڈی ایم اے نے پنجاب میں مون سون کی بارشوں کے دوران 39 قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع کی تصدیق کردی

پنجاب ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی نے تازہ ترین فیکٹ شیٹ جاری کر دی، رواں مون سون سیزن میں 20 بچے، 5 خواتین اور 14 مرد جاں بحق 103 افراد زخمی 47 مکانات کو نقصان پہنچا، خستہ حال عمارتوں کے گرنے سے 24 ہلاکتیں ہوئیں، آسمانی بجلی گرنے سے 3، کرنٹ لگنے سے 8، اور ڈوبنے سے 8 افراد کی جانیں گئیں

Faisal Alvi فیصل علوی جمعہ 11 جولائی 2025 12:03

پی ڈی ایم اے نے پنجاب میں مون سون کی بارشوں کے دوران 39 قیمتی انسانی جانوں ..
لاہور(اردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین۔11جولائی 2025)پنجاب ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی نے پنجاب میں مون سون کی بارشوں کے دوران 39 قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع کی تصدیق کردی، پی ڈی ایم اے نے تازہ ترین فیکٹ شیٹ جاری کر دی، پی ڈی ایم اے کی رپورٹ کے مطابق پنجاب میں رواں مون سون سیزن میں 20 بچے، 5 خواتین اور 14 مرد جاں بحق ہوئے۔جبکہ 103 افراد زخمی جبکہ 47 مکانات کو نقصان پہنچا۔

خستہ حال عمارتوں کے گرنے سے 24 ہلاکتیں رپورٹ ہوئیں اور آسمانی بجلی گرنے سے 3، کرنٹ لگنے سے 8، اور ڈوبنے سے 8 افراد کی جانیں گئیں۔ لاہور میں گزشتہ روز 182 ملی میٹر بارش نے معمولات زندگی درہم برہم کر دئیے کئی علاقے زیر آب آ گئے۔گزشتہ روز کی بارشوں میں مزید 2 اموات اور 31 افراد زخمی ہوئے۔رپورٹ کے مطابق مون سون بارشوں کا تیسرا سلسلہ 11 جولائی سے 17 جولائی تک جاری رہے گا جس کیلئے الرٹ جاری کر دیا گیا ہے۔

(جاری ہے)

پی ڈی ایم اے کے ترجمان عرفان علی کاٹھیا کے مطابق ممکنہ خطرات کے پیش نظر ریسکیو، ضلعی انتظامیہ اور امدادی ادارے الرٹ ہیں۔ نشیبی علاقوں سے پانی نکالنے کیلئے مشینری متحرک کر دی گئی ہے۔انہوں نے عوام سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ غیر ضروری سفر سے گریز کریں اور حکومتی ہدایات پر عمل کریں تاکہ انسانی جانوں کا تحفظ یقینی بنایا جا سکے۔موسمیاتی ماہرین کے مطابق مون سون کا حالیہ سلسلہ آئندہ کئی روز تک جاری رہنے کا امکان ہے، جس سے مزید لینڈ سلائیڈنگ، سیلاب اور شہری مشکلات پیدا ہو سکتی ہیں۔

دوسری جانب صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) نے خیبر پختونخوا ہ میں مزید مون سون بارشوں کی پیشگوئی کر دی۔ضلعی انتظامیہ کو الرٹ جاری کر کے پیشگی اقدامات کی ہدایت کر دی گئی جبکہ ریسکیو 1122 اور امدادی ٹیموں کو تیار رہنے کا حکم دے دیا گیا۔ حساس مقامات و شاہراہوں پر ٹریفک کنٹرول کیلئے اقدامات کی بھی ہدایت کی گئی۔ پی ڈی ایم اے کے مطابق خیبر پختونخوا میں موسلا دھار بارشیں 17 جولائی 2025 تک وقفے وقفے سے جاری رہیں گی، دیر، سوات، چترال، کوہستان اور مالاکنڈ سمیت کئی اضلاع میں بارش کا امکان ہے۔

پشاور، مردان، نوشہرہ، صوابی اور ایبٹ آباد میں گرج چمک کے ساتھ بارش متوقع ہے۔ پی ڈی ایم اے کا کہنا ہے کہ 14 تا 17 جولائی 2025 ندی نالوں میں طغیانی اور لینڈ سلائیڈنگ کا خدشہ ہے جبکہ مانسہرہ، ایبٹ آباد، چترال اور کوہستان میں مقامی ندی نالوں میں طغیانی کا خطرہ ہے۔

Live مون سون بارشیں سے متعلق تازہ ترین معلومات