پاکستان اور روس کے درمیان اسٹیل ملز کی بحالی کا معاہدہ طے پا گیا

اسٹیل ملز بحالی میں روس کی شراکت داری سے نئی تاریخ رقم ہوگی،ہارون اختر

جمعہ 11 جولائی 2025 13:16

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 11 جولائی2025ء)پاکستان اور روس کے درمیان اسٹیل ملز کی بحالی کا معاہدہ طے پا گیا۔اعلامیے کے مطابق وزیراعظم کے معاون خصوصی ہارون اختر کی قیادت میں وفد نے روس سے معاہدہ کیا، ماسکو میں دونوں ملکوں کے حکام نے اسٹیل ملز بحالی کے پروٹوکول پر دستخط کردیئے۔

(جاری ہے)

اعلامیے کے مطابق سیکریٹری صنعت و پیداوار اور روس کے متعلقہ افسر نے دستخط کیے، معاہدہ کے تحت پاکستان اسٹیل ملز کو جدید بنایا جائے گا۔

وزیراعظم کے معاون خصوصی ہارون اختر کا کہنا ہے کہ اسٹیل ملز بحالی میں روس کی شراکت داری سے نئی تاریخ رقم ہوگی، پاکستان اسٹیل ملز روس کے تعاون سے ہی بحال ہوگی۔ہارون اختر نے کہا کہ پاکستان اسٹیل ملز کی بحالی وزیراعظم کے وژن کی عکاسی کرتی ہے، روس کے ساتھ معاہدہ پاکستان کے صنعتی مستقبل کے لیے سنگ میل ہے، اسٹیل ملز کی بحالی سے روزگار اور صنعتی پیداوار میں اضافہ ہوگا۔