وزیر اعلی پنجاب مریم نواز شریف عوام تک صحت کی بہترین سہولیات کی فراہمی کیلئے کوشاں ہیں،صوبائی وزیر صحت

ہسپتال کے اندر جدید طبی مشینری کی تنصیب مکمل ہو چکی ہے جبکہ ان ڈور بلڈنگ کا 80 فیصد تعمیراتی کام مکمل کر لیا گیا ہے،خواجہ سلمان رفیق

جمعہ 11 جولائی 2025 14:30

سرگودھا(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 11 جولائی2025ء)صوبائی وزیر صحت پنجاب خواجہ سلمان رفیق نے کہا کہ وزیر اعلی پنجاب مریم نواز شریف عوام تک صحت کی بہترین سہولیات کی فراہمی کیلئے کوشاں ہیں۔حکومت پنجاب عوام کی سہولت کی خاطر ریکارڈ مدت میں صحت کے نئے منصوبوں کو مکمل کر رہی ہے۔سرگودھا میں اسٹیٹ آف دی آرٹ نواز شریف انسٹیٹیوٹ آف کارڈیالوجی لاکھوں مریضوں کو امراض قلب کے علاج و معالجہ کی بین الاقوامی سطح کی طبی سہولیات میسر آئیں گئیں۔

اس منصوبہ کی تکمیل میں کوئی تاخیر برداشت نہیں کی جائے گی اور ہر مرحلے پر شفافیت، معیار اور عوامی سہولت کو مقدم رکھا جائے۔زرائع کے مطابق صوبائی وزیر صحت خواجہ سلمان رفیق نیسرگودہا آمد پر زیر تعمیر گورنمنٹ نواز شریف انسٹیٹیوٹ آف کارڈیالوجی کادورہ کر کے جاری پیش رفت کا جائزہ لیا اور مکمل ہونے والی او پی ڈی، ای سی جی، ایکو کارڈیوگرافی، ای ٹی ٹی، ہولٹر مانیٹرنگ، اور لیبارٹری ٹیسٹ کے شعبہ جات میں طبی سہولیات کا معائنہ کیا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ نواز شریف انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی ایک اسٹیٹ آف دی آرٹ ادارہ ہو گا، جہاں سرگودہا اور گردونواح کے لاکھوں مریضوں کو عالمی معیار کی دل کے امراض کی تشخیصی اور علاج کی سہولیات دستیاب ہوں گی۔ انہوں نے کہا کہ کسی بھی سطح پر معیار پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا اور منصوبے کی بروقت تکمیل کو یقینی بنانے کیلئے تمام تر وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں۔

خواجہ سلمان رفیق نے بتایا کہ ہسپتال کے اندر جدید طبی مشینری کی تنصیب مکمل ہو چکی ہے جبکہ ان ڈور بلڈنگ کا 80 فیصد تعمیراتی کام مکمل کر لیا گیا ہے۔ انشااللہ ادارہ دسمبر 2025 تک مکمل طور پر فعال ہو جائے گا۔ بعد ازاں اعلی سطحی اجلاس میں منصوبے کی موجودہ صورتحال، آئندہ کے مراحل، اور مریض کے اسپتال میں داخلے سے لے کر علاج اور واپسی تک کے تمام پہلوں کا جائزہ لیا گیا اور ایگزیکیوٹنگ ایجنسی کو ہدایت کی کہ منصوبے کی تکمیل میں کسی قسم کی تاخیر ہرگز برداشت نہیں کیا جائے گا۔

سیکرٹری ہیلتھ عظمت محمود خان نے کہا کہ منصوبے پر کام تسلی بخش انداز میں جاری ہے اور محکمہ صحت کی جانب سے تمام منصوبوں کی مانیٹرنگ کی جا رہی ہے۔ ڈاکٹر فرقد عالمگیر نے کہا کہ اس ہسپتال کی تکمیل سے اب ڈویژن کے شہریوں کو امراض قلب کے علاج کے لیے لاہور یا اسلام آباد جانے کی ضرورت نہیں رہے گی۔سپیشل سیکرٹری آپریشنز طارق محمود رحمانی نے کہا کہ ہسپتال کیلئے انسانی وسائل کی بھرتی کے عمل کو تیزی سے مکمل کیا جا رہا ہے اور مریضوں کو عالمی معیار کی طبی سہولیات فراہم کرنا محکمہ صحت کی اولین ترجیح ہے۔