آزاد جموں و کشمیر بینک اور آئی کنسلٹ کنسورشیم کے درمیان معاہدہ پر دستخط، بینک کو جدید خطوط پر استوار کرنے کیلئے تمام وسائل بروئے کار لائیں گے، وزیراعظم آزاد کشمیر

جمعہ 11 جولائی 2025 15:39

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 11 جولائی2025ء) آزاد جموں و کشمیر بینک اور آئی کنسلٹ کنسورشیم کے درمیان معاہدہ پر دستخط ہوگئے۔ جمعہ کو یہاں اس حوالے سے منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعظم آزاد کشمیر چوہدری انوار الحق نے کہا کہ آزاد جموں و کشمیر بینک کو جدید خطوط پر استوار کرنے کیلئے تمام وسائل بروئے کار لائیں گے۔

انہوں نے کہا کہ بینک کی جدیدیت مالیاتی شعبے میں سنگ میل کی حیثیت رکھتی ہے۔ چوہدری انوار الحق نے کہا کہ آج کی تقریب میں شرکت میرے لئے باعث اعزاز ہے۔ انہوں نے کہا کہ آزاد کشمیر کے عوام بینک پر اعتماد اور محفوظ سرمایہ کاری چاہتے ہیں، اے جے کے بینک کا دائرہ کار پورے پاکستان اور آزاد کشمیر تک پھیلایا جائے گا۔ وزیراعظم نے کہا کہ اے جے کے بینک کو شیڈول بینک بنانے کیلئے تمام اقدامات کئے جائیں گے، 25 فیصد ترسیلات زر آزاد کشمیر میں آتی ہیں، بینک ان کیلئے سہولیات فراہم کرے۔

(جاری ہے)

تقریب میں سپیکر آزاد کشمیر اسمبلی چوہدری لطیف اکبر نے بھی شرکت کی اور بینک کی ترقی پر مسرت کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ معاہدہ میں کردار ادا کرنے والے تمام افراد مبارکباد کے مستحق ہیں۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے وزیر خزانہ عبدالماجد خان نے کہا کہ اے جے کے بینک کو ترقی کی نئی منازل سے ہم کنار کیا جارہا ہے، وزیراعظم کی وژنری قیادت میں بینک جدید سہولیات سے آراستہ ہوگا۔

وزیر خزانہ آزاد کشمیر نے کہا کہ کور بینکنگ نظام بینکنگ کا ریڑھ کی ہڈی ہے، اس سے عوام کو سہولت میسر آئے گی۔ عبد الماجد خان نے کہا کہ دور دراز علاقوں کے عوام کو بینکنگ خدمات کی فراہمی ممکن بنائی جائے گی۔ وزیر خزانہ نے کہا کہ یہ ترقی ٹیم مینجمنٹ کا نتیجہ ہے، آزاد کشمیر کو جدید مالیاتی نظام سے آراستہ کیا جا رہا ہے۔ بینک کے صدر شاہد شہزاد میر کی معاہدے اور جدیدیت پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ وزیراعظم چوہدری انوار الحق کی قیادت میں بینک ترقی کی نئی منازل طے کرے گا۔