ساہیوال ،معاشرے کی ترقی کیلئے ضروری ہے کہ خاندان چھوٹا رکھا جائے، ڈپٹی کمشنر

جمعہ 11 جولائی 2025 16:52

ساہیوال (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 11 جولائی2025ء) ڈپٹی کمشنر ساہیوال شاہد محمود نے کہا کہ معاشرے کی ترقی کیلئے ضروری ہے کہ خاندان چھوٹا رکھا جائے تاکہ بچوں کو تعلیم، صحت اور دیگر بنیادی سہولیات مہیا کی جا سکیں۔ وہ ضلع کونسل ہال میں عالمی یوم آبادی کے سلسلے میں محکمہ بہبود آبادی کے زیر اہتمام منعقدہ سیمینار سے خطاب کر رہے تھے۔

سیمینار میں سی ای او ہیلتھ ڈاکٹر عبدالمجید خان نیازی اور ڈسٹرکٹ پاپولیشن ویلفیئر آفیسر راؤ شاہد رضا خاں سمیت محکمہ صحت و بہبود آبادی کے افسران اور فیلڈ سٹاف نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ ڈپٹی کمشنر شاہد محمود نے کہا کہ بڑھتی ہوئی آبادی کے باعث عام شہری تک بنیادی سہولیات کی فراہمی مشکل ہو گئی ہے اس لئے ضروری ہے کہ عوام میں فیملی پلاننگ کے بارے میں شعور بیدار کیا جائے۔

(جاری ہے)

سی ای او ہیلتھ ڈاکٹر عبدالمجید خان نیازی نے اپنے خطاب میں کہا کہ اگر آبادی میں اضافے کی یہی شرح برقرار رہی تو 2050 تک پاکستان کی آبادی دگنی ہو جائے گی جو کہ ملکی وسائل کے لیے ایک بڑا چیلنج ہے۔ ڈسٹرکٹ پاپولیشن ویلفیئر آفیسر راؤ شاہد رضا خاں نے کہا کہ عالمی یوم آبادی منانے کا مقصد عوام میں وسائل کے مطابق خاندان کی منصوبہ بندی کے حوالے سے شعور پیدا کرنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ آبادی میں بے پناہ اضافہ ایک لمحہ فکریہ ہے جس پر فوری توجہ کی ضرورت ہے۔ تقریب کے اختتام پر مہمانانِ گرامی کو یادگاری شیلڈز بھی پیش کی گئیں، اس موقع پر آگاہی واک بھی کی گئی۔\378