گمشدہ بچوں کو والدین تک پہنچانا ہماری اولین ترجیح ہے‘سارہ احمد

جمعہ 11 جولائی 2025 17:40

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 11 جولائی2025ء)وزیراعلیٰ پنجاب محترمہ مریم نواز کے ویڑن کے مطابق اور چیئرپرسن چائلڈ پروٹیکشن بیورو محترمہ سارہ احمد کی ہدایت پر فیملی ٹریسنگ ٹیم کی ایک بڑی کامیابی۔چائلڈ پروٹیکشن بیورو کی فیملی ٹریسنگ ٹیم نے افغانستان سے بھاگ کر پاکستان آنے والے دو بچوں رحمت اللہ اور حمزہ شمس کے والدین کو کامیابی سے تلاش کر لیا۔

بچوں کے والدین کو افغان ایمبیسی کے تعاون سے جلال آباد اور قندھار میں شناخت کیا گیا۔

(جاری ہے)

چائلڈ پروٹیکشن کورٹ کے سیشن جج جناب امجد نذیر چوہدری نے بچوں کو باقاعدہ قانونی طریقہ کار کے تحت افغان رفیوجی سینٹر اسلام آباد کے حوالے کیا۔ بچوں کی حوالگی افغان رفیوجی سینٹر اسلام آباد کے ڈائریکٹر جناب آصف زدران کے سپرد کی گئی، جو اب بچوں کی واپسی کے لیے افغانستان روانگی کے انتظامات کریں گے۔

چیئرپرسن چائلڈ پروٹیکشن بیورو سارہ احمد کا کہنا ہے کہ چائلڈ پروٹیکشن بیورو نہ صرف پنجاب بلکہ پاکستان کے دیگر صوبوں اور افغانستان کے گمشدہ اور گھر سے بھاگے بچوں کو ان کے والدین تک پہنچانے میں اپنا بھرپور کردار ادا کر رہا ہے۔ گمشدہ بچوں کو ان کے خاندانوں سے ملانا ہماری ترجیحات میں سرفہرست ہے۔