Live Updates

عمران خان کو 700 دنوں سے زائد جیل میں تنہائی کا سامنا،، یہ سزا نہیں، کھلی سیاسی انتقامی کارروائی ہے’’ ڈاکٹر شفقت ایاز

جمعہ 11 جولائی 2025 18:32

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 11 جولائی2025ء)وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کے معاونِ خصوصی برائے سائنس و انفارمیشن ٹیکنالوجی ڈاکٹر شفقت ایاز نے کہا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف کے بانی اور قوم کے حقیقی لیڈر عمران خان کو گزشتہ 700 دنوں سے زائد عرصے سے جیل میں تنہا رکھا گیا ہے، جو نہ صرف انسانی حقوق کی خلاف ورزی ہے بلکہ بنیادی آئینی اصولوں کا قتل بھی ہے۔

انہوں نے کہا کہ ایک ایسا قائد جس نے قوم کو خودی، شفافیت اور قانون کی بالادستی کا شعور دیا، آج اپنے بیٹوں سے بات کرنے جیسے بنیادی حق سے بھی محروم ہے۔ ان کے ساتھ دشمنوں جیسا سلوک کیا جا رہا ہے، جو کسی بھی جمہوری معاشرے کے لیے باعثِ شرم ہے۔ڈاکٹر شفقت ایاز نے کہا کہ عمران خان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کو بھی خواتین قیدیوں کے معمولی حقوق سے محروم رکھا جا رہا ہے۔

(جاری ہے)

ان پر غیر ضروری پابندیاں، نگرانی اور ذہنی دباؤ ایک سوچی سمجھی انتقامی پالیسی کا حصہ ہے۔انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ ن کی قیادت، خصوصاً مریم نواز، پی ٹی آئی خواتین رہنماؤں کے خلاف ذاتی عناد پر مبنی رویہ اختیار کیے ہوئے ہیں۔ ڈاکٹر یاسمین راشد جیسی بہادر خاتون، جو کینسر جیسے موذی مرض سے لڑ رہی ہیں، انہیں آکسیجن تک میسر نہیں ان کے ساتھ ایسا سلوک کرنا یہ انسانی ہمدردی کی تمام حدوں سے گری ہوئی حرکت ہے۔

ڈاکٹر شفقت ایاز نے دوٹوک الفاظ میں کہا کہ تمام تر ریاستی دباؤ، قید و بند، اور زیادتیوں کے باوجود پی ٹی آئی کی خواتین نظریاتی طور پر ڈٹ کر کھڑی ہیں اور مریم نواز کا خواب کہ وہ ان کو جھکا لیں گی، کبھی پورا نہیں ہو گا۔انہوں نے مزید کہا کہ خیبرپختونخوا حکومت وزیر اعلیٰ علی امین خان گنڈاپور کی قیادت میں عمران خان اور دیگر تمام سیاسی قیدیوں کے لیے آئین، قانون اور انسانی حقوق کی جنگ ہر فورم پر لڑتی رہے گی۔‘‘ہم کسی صورت خاموش نہیں بیٹھیں گے، ظلم کے خلاف آواز بلند کرنا ہمارا فرض بھی ہے اور تحریک انصاف کی پہچان بھی۔’’
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات