بانی پی ٹی آئی کی ہدایت ہے کہ سینیٹ الیکشن کیلئے کاغذات جمع کروں، مشال یوسفزئی کا دعوی

جمعہ 11 جولائی 2025 19:03

بانی پی ٹی آئی کی ہدایت ہے کہ سینیٹ الیکشن کیلئے کاغذات جمع کروں، مشال ..
پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 11 جولائی2025ء)پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کور کمیٹی کی رکن مشال یوسفزئی کی جانب سے یہ دعویٰ سامنے آیا ہے کہ انہیں بانی پی ٹی آئی نے سینیٹ الیکشن کیلئے کاغذات نامزدگی جمع کروانے کی ہدایت کی ہے۔ ذرائع نے بتایا کہ پارٹی چیئرمین بیرسٹر گوہر کو ٹیلی فون کر کے مشال یوسفزئی نے کہا ہے کہ انہیں بانی سے ہدایت ملی ہے کہ وہ سینیٹ الیکشن کیلیے کاغذات نامزدگی جمع کروائیں۔

ذرائع کے مطابق مشال یوسفزئی کا کہنا تھا کہ بشریٰ بی بی سے اہلخانہ نے اڈیالہ جیل میں ملاقات کی ہے، انہوں نے بشریٰ بی بی کا پیغام مجھے پہنچا دیا جس کے مطابق بانی پی ٹی آئی کی ہدایت ہے کہ میں سینیٹ الیکشن کے لیے کاغذات جمع کرواؤں۔ذرائع کے مطابق بیرسٹر گوہر نے مشال یوسفزئی کو فون پر جواب دیا کہ آپ کاغذات جمع کروالیں پھر دیکھ لیتے ہیں۔

(جاری ہے)

ذرائع کا کہنا ہے کہ سینیٹ ٹکٹ سے متعلق مشال یوسفزئی نے عاطف خان اور دیگر پارٹی رہنماؤں سے بھی رابطہ کیا ہے۔دوسری جانب مشال یوسفزئی نے سینیٹ ٹکٹ کے معاملے پر مؤقف دینے سے گریز کیا ہے جبکہ چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر نے کہا ہے کہ بانی پی ٹی آئی نے کسی کو بھی سینیٹ کا ٹکٹ دینے کا نہیں کہا۔بیرسٹر گوہر کا کہنا تھا کہ مشال یوسفزئی نے مجھ سے رابطہ کیا، معاملے کو دیکھ رہا ہوں، سینیٹ کے لیے ٹکٹ کس کو دینا ہے بعد میں فیصلہ کیا جائے گا۔یاد رہے کہ خیبرپختونخوا میں سینیٹ انتخابات 21 جولائی کو ہو رہے ہیں۔