وزیر اطلاعات آزادجموں وکشمیرسے چیئرمین علماء ومشائخ کونسل پاکستان کی ملاقات

جمعہ 11 جولائی 2025 21:45

مظفرآباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 11 جولائی2025ء) وزیر اطلاعات آزاد حکومت ریاست جموں وکشمیر پیر محمد مظہر سعید شاہ سے چیئرمین علماء ومشائخ کونسل پاکستان پیر سید سعادت علی شاہ نے ملاقات کی۔ ملاقات میں مسئلہ کشمیر سمیت باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے وزیر اطلاعات پیر محمد مظہر سعید شاہ نے کہا کہ تحریک پاکستان اور پاکستان میں امن و امان کو برقرار رکھنے میں علمائے کرام کا کلیدی کردار ہے۔

پاکستان کی خاطر سب کو ایک ہو کر آگے بڑھنا ہے، پاکستان اللہ تعالیٰ کی ایک عظیم نعمت ہے۔ پاکستان مسلم امہ میں خصوصی اہمیت کا حامل ہے۔ خطے میں امن واستحکام کیے لئے پاکستان کا کردار قابل فخر ہے۔ انہوں نےکہا کہ سنت ِرسول اللہﷺ پر عمل ہی امت مسلمہ کو راہ راست پر عمل پیرا رکھ سکتا ہے۔

(جاری ہے)

اسلام میں کسی لسانی اور علاقائی گروہ بندی کی کوئی گنجائش موجود نہیں۔

اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے چیئرمین علمائے و مشائخ کونسل پیر سید سعادت علی شاہ نے کہا کہ ہندوستان مقبوضہ جموں وکشمیر میں ظلم و جبر کے پہاڑ توڑ رہا ہے، پاکستان نے ہمیشہ اپنے کشمیری بھائیوں کی سیاسی سفارتی اور اخلاقی حمایت کی ہے، مسئلہ کشمیر کا کشمیری عوام کی خواہشات کے مطابق حل ہی خطے میں امن کی ضمانت ہے۔ انہوں نے کہا کہ کشمیر اولیا کی دھرتی ہے، کشمیری عوام کو ہندوستان کے بدترین جبر کے سامنے ڈٹے رہنے پر سلام پیش کرتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پیر محمد مظہر سعید شاہ کی خصوصی دعوت پر کشمیر آیا ہوں۔ کشمیر کی مٹی بڑی زرخیز ہے یہاں بڑے نامور لوگ پیدا ہوئے جنہوں نے بین الاقوامی سطح پر ملک و قوم کا نام روشن کیا ہے۔قبل ازیں وزیر اطلاعات آزاد کشمیر نے اپنے آفس چیمبر آمد پر چیئرمین علمائے و مشائخ کونسل پاکستان کا خیر مقدم کیا اور انکا خصوصی شکریہ ادا کیا۔ چیئرمین علمائے و مشائخ کونسل پیر سید سعادت علی شاہ نےپیر محمد مظہر سعید شاہ کو درگاہ جورہ شریف میں ہونے والی سالانہ ختم نبوت کانفرنس میں شرکت کی دعوت بھی دی۔آزاد کشمیر کے وزیر اطلاعات نے چیئرمین علماء ومشائخ کونسل کو شیلڈ بھی پیش کی۔