ژ*بلوچستان دہشتگردی، استحکام پاکستان پارٹی کی بھارتی کارروائی کی شدید مذمت

۹نہتے شہریوں کا قتل بھارتی پراکسی وار کا حصہ، دشمن کو ہر محاذ پر شکست دیں گے،میاں خالد محمود، صمصام علی بخاری ؔشہداء کو خراج عقیدت، قوم متحد ہے، ملک میں انارکی پھیلانے کی ہر سازش ناکام بنائیں گے، رانا نذیر احمد خان

جمعہ 11 جولائی 2025 21:05

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 11 جولائی2025ء)بلوچستان میں دہشت گردی کے دلخراش واقعے اور بسوں سے اتار کر نہتے شہریوں کے بہیمانہ قتل پر استحکام پاکستان پارٹی کے مرکزی و صوبائی رہنماؤں نے شدید ردعمل دیتے ہوئے اسے قومی سانحہ اور بھارتی پراکسی وار قرار دیا ہے۔استحکام پاکستان پارٹی کے جنرل سیکرٹری میاں خالد محمود، مرکزی سیکرٹری اطلاعات سید صمصام علی بخاری، صوبائی صدر و سابق وفاقی وزیر رانا نذیر احمد خان، اور صوبائی جنرل سیکرٹری و ایم پی اے شعیب صدیقی نے واقعے پر شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ واقعہ پوری قوم کو غمزدہ کر گیا ہے۔

اس بہیمانہ کارروائی کی جتنی بھی مذمت کی جائے کم ہے۔رہنماؤں نے اپنے مشترکہ بیان میں کہا کہ نہتے اور معصوم شہریوں کا قتل عام پاکستان میں انارکی پھیلانے کی بھارتی کوشش ہے، لیکن پاکستان کی بہادر قوم اور افواج دشمن کے ہر حربے کو ناکام بنائیں گے۔

(جاری ہے)

ان کا کہنا تھا کہ بھارت نام نہاد انسان دوستی کا دعویدار ہے مگر اس کی بزدلانہ کارروائیاں اُس کا اصل چہرہ بے نقاب کر چکی ہیں۔پارٹی رہنماؤں نے کہا کہ پاک فوج اور عسکری ادارے فیلڈ مارشل کی زیرِ قیادت ہر محاذ پر ڈٹے ہوئے ہیں، اور انشاء اللہ دشمن کو ہر میدان میں شکست ہوگی۔ انہوں نے شہداء کے بلند درجات کے لیے دعا کرتے ہوئے لواحقین سے دلی ہمدردی کا اظہار کیا اور کہا کہ پوری قوم غم کی اس گھڑی میں ان کے ساتھ کھڑی ہے۔