ظ*پانی کی قدر کے حوالے سے شعور اجاگر کرنا ہو گا: چیئرمین اسلامی نظریاتی کونسل

ں*پانی کو ضائع ہونے سے بچانے کیلئے عملی اقدامات کی ضرورت ہے، ڈاکٹرراغب حسین نعیمی

جمعہ 11 جولائی 2025 21:05

a لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 11 جولائی2025ء) چیئرمین اسلامی نظریاتی کونسل علامہ ڈاکٹرمحمدراغب حسین نعیمی نے کہاہے کہ پانی کی قدر کے حوالے سے شعور اجاگر کرنا ہو گا، پانی کوضائع ہونے سے بچانے کیلئے عملی اقدامات کی ضرورت ہے، پانی قدرت کا وہ حسین تحفہ ہے جو نہ صرف فقط انسانوں کیلئے مخصوص ہے بلکہ نباتات، جمادات اور حیوانات کی بقا کیلئے بھی پانی ایک لازمی چیز ہے، پانی کے بغیر دنیا کی خوبصورتی اور رنگینی کا تصورکیا جا سکتاہے اور نہ ہی انسانی وجود کا تاہم غلط استعمال کی وجہ سے پانی کی قلت کے خطرات منڈلا رہے ہیں۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے جامعہ نعیمیہ میں جمعة المبارک کے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے مزید کہاکہ اسلام نے پانی کے پس منظر میں لفظ ’’طاہر ‘‘ اور ’’مطہر ‘‘ کا استعمال کیا ہے۔

(جاری ہے)

’’طاہر ‘‘ کا مطلب ہے پاک کرنے والا یعنی ایسا پانی جو خود پاک ہے اور اس کے ذریعہ ہم پاکی بھی حاصل کرسکتے ہیں جس سے ہم ناپاکی دور کرسکتے ہیں جبکہ ’’مطہر‘‘ اس پانی کو کہتے ہیں جو خود تو پاک ہے مگر اس سے پاکی حاصل نہیں کی جا سکتی، دانت کی صفائی کے دوران اکثر لوگ پانی کا نلکا کھلا چھوڑ دیتے ہیں جو پانی کے ضیاع کا سبب بنتا ہے، اس عمل میں پانی کے استعمال کا خاص خیال رکھیں، خدشہ ہے کہ آنے والے سالوں میں پاکستان کو شدید قلتِ آب کا سامنا کرنا ہو گا۔

انہوں نے کہا کہ ہمیں پانی کو ری سائیکل کرنے کیلئے فوری اور موثر اقدامات کرنا ہوں گے۔