بڈگام ،سمسان گائوں کے لوگ انٹرنیٹ کی عدم دستیابی کے باعث مشکلات سے دوچار

جمعہ 11 جولائی 2025 21:20

سرینگر (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 11 جولائی2025ء) بھارت کے زیر قبضہ جموںوکشمیرمیں ضلع بڈگام کے علاقے سمسان کے رہائشی آج کے اس ڈیجیٹل دور میں انٹرنیٹ جیسی ضروری سہولت سے محروم ہیں ۔ انٹرنیٹ کی عدم دستیابی کے باعث علاقے کے رہائشی خاص طور پر طلباءشدید مسائل سے دوچار ہیں۔کشمیر میڈیاسروس کے مطابق ضلع بڈگام کی تحصیل خانصاحب کے گاﺅں سمسان کے رہائشیوں نے ذرائع ابلاغ کے نمائندوں کو بتایا کہ انکے گاﺅں میں کسی بھی ٹیلی کام کمپنی کا ٹاور موجود نہیں ہے جسکی وجہ سے ان کی انٹرنیٹ تک رسائی نہیں ہے ۔

انہوں نے کہا کہ انٹرنیٹ نہ ہونے کی وجہ سے طلباءخاص طور پر متاثر ہیں اور وہ آن لائن کلاسز میں شرکت نہیں کرسکتے اور نہ ہی انہیں ضروری مواد تک رسائی حاصل ہے۔

(جاری ہے)

علاقے کے طلباءکا کہنا ہے کہ” انٹرنیٹ کی عدم فراہمی کے سبب وہ ڈیجیٹل تعلیم سے محروم ہیں ، ہم اسائنمنٹس ڈاو ¿ن لوڈ نہیں کر سکتے، ورچوئل کلاسز میں شرکت نہیں کر سکتے اور بنیادی اسٹڈی ایپس کا استعمال نہیں کر سکتے۔

“گاﺅں کے لوگوں کا کہنا ہے کہ آج کل کے دور میں انٹرنیٹ کے جو مثبت فوائد ہیں وہ ان سے قطعی طورپر محروم ہیں، لوگ اپنے عزیز واقارب کو کال نہیں کرسکتے اور نہ ہی انہیں وٹس ایپ وغیرہ کے ذریعے پیغامات بھیج سکتے ہیں۔ انہوں نے انتظامیہ سے اپیل کی کہ وہ اس مسئلے کو فوری طورپر حل کرے اور ڈیجیٹل خلا کو پر کرنے کے لیے گاﺅں میں موبائل ٹاور نصب کرے۔