جامع مسجد غوثیہ چناری میں ایک روزہ عظیم الشان سید الشہدائؓ کانفرنس زیر صدارت حضرت علامہ و مولانا صاحبزادہ اجمل عرفان دانش ،زیر نگرانی مرزا آصف علی مغل منعقد ہوئی

ہفتہ 12 جولائی 2025 20:43

چناری(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 12 جولائی2025ء)جامع مسجد غوثیہ چناری میں ایک روزہ عظیم الشان سید الشہدائؓ کانفرنس زیر صدارت حضرت علامہ و مولانا صاحبزادہ اجمل عرفان دانش ،زیر نگرانی مرزا آصف علی مغل منعقد ہوئی ،کانفرنس سے حضرت علامہ و مولانا مفتی قاضی محمد فہد چشتی نے خطاب کرتے ہوئے شہادتِ امام حسین ؓ، فلسفہ کربلا، محبت اہلِ بیت، سیرتِ امام حسینؓ پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ اہل ایمان کو حضرت امام حسینؓ کی سیرت پر چلنے، حق کے لیے ڈٹ جانے، اور دین کی سربلندی کے لیے قربانی کے جذبے کو اپنانے کی ضرورت ہے،جب تک مسلمان قرآن و سنت کے مطابق اپنی زندگیوں کو نہیں گذاریں گے تب تک مسلمانوں کی دنیا و آخرت میں کامیابی ممکن نہیں ہے ،کانفرنس میںمشہور نعت خواں جواد شفیق نے بارگاہِ رسالت میں عقیدت کے پھول نچھاور کیے،کانفرنس کے اختتام پر تمام شرکاء کا دلی شکریہ ادا کیا گیا۔

(جاری ہے)

کانفرنس میںچناری بازار کے معروف تاجر منیر گیلانی مرحوم،کور کمانڈر راولپنڈی شاہد امتیاز مرزا کی پھوپھی محترمہ ،ہٹیاں بالا کے تاجر خواجہ فہد ،پیپلز پارٹی کے رہنماء صاحبزادہ محمد اشفاق ظفر کے چچا صاحبزادہ مقبول قمر کی وفات پر فاتحہ خوانی، وطن عزیز پاکستان، آزاد کشمیر، عالم اسلام کی سلامتی، ترقی، اتحاد کے لیے خصوصی دعائیں مانگی گئیں،خطیب جامع مسجد غوثیہ چناری مفتی محمد مقصود کیانی نے خطاب کرتے ہوئے تمام مہمانانِ گرامی، علماء کرام، نعت خواں حضرات، منتظمین اور شرکائے کانفرنس کا شکریہ ادا کیا۔