معطل ارکان پنجاب اسمبلی کیخلاف ریفرنس‘ حکومت و اپوزیشن کی مذاکراتی کمیٹیاں تشکیل

ہفتہ 12 جولائی 2025 20:43

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 12 جولائی2025ء)پنجاب اسمبلی میں اپوزیشن کے 26 معطل ارکان کے خلاف ریفرنس کے معاملے پر حکومتی اور اپوزیشن کی مذاکراتی کمیٹیاں تشکیل دے دی گئیں۔ذرائع کے مطابق حکومتی کمیٹی میں مجتبیٰ شجاع، سلمان رفیق، رانا ارشد، سمیع اللّٰہ، احمد اقبال، علی حیدر گیلانی، شافع حسین اور شعیب صدیقی شامل ہیں۔اپوزیشن کی جانب سے اپوزیشن لیڈر احمد بھچر مذاکراتی ٹیم کی قیادت کریں گے۔

ذرائع نے بتایا کہ اپوزیشن کمیٹی میں علی امتیاز، شیخ امتیاز اور اعجاز شفیع کے نام اسپیکر پنجاب اسمبلی کو ارسال ہوں گے۔

(جاری ہے)

اپوزیشن اور حکومتی اتحاد کی مذاکرتی کمیٹی کا دوسرا سیشن کل اتوار کو ہو گا، مذاکرات کامیاب ہونے پر اسپیکر معطل ارکان کے خلاف ریفرنس ڈارپ کر سکتے ہیں۔واضح رہے کہ اسپیکر پنجاب اسمبلی کی رولنگ کی خلاف ورزی پر اپوزیشن کے 26 ارکان کو 15 اجلاسوں کے لیے معطل کیا گیا تھا۔

اس حوالے سے اسپیکر پنجاب اسمبلی ملک محمد احمد خان نے کہا تھا کہ ایوان میں ہنگامہ آرائی، نعرے، دھکم پیل اور دستاویزات پھاڑنے پر کارروائی کی گئی، ایوان کی حرمت اور نظم و ضبط کو ہر قیمت پر برقرار رکھا جائے گا۔ احتجاج کا حق تسلیم ہے لیکن اس کی حدود آئین، قانون اور قواعد کے تابع ہیں۔