لوڈشیڈنگ کا عذاب‘ کے الیکٹرک کیخلاف جماعت اسلامی کی درخواست بحال

ہفتہ 12 جولائی 2025 20:59

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 12 جولائی2025ء)سندھ ہائیکورٹ نے لوڈ شیڈنگ کیخلاف جماعت اسلامی کی درخواست بحال کردی، جسے 25 مئی کو وکیل کی عدم موجودگی کے باعث خارج کردیا گیا تھا۔جماعت اسلامی کے وکیل نے عدالت میں حلفیہ بیان داخل کرادیا، جس میں کہا گیا کہ درخواستگزار اور وکیل کے معاون موجود تھے لیکن ان کی حاضری ریکارڈ پر نہیں لائی گئی۔

(جاری ہے)

عدالت نے آبزرویشن دی کہ ریکارڈ کے مطابق درخواستگزار کے وکیل اس سے پہلے ہر سماعت پر موجود رہے ہیں، تاہم عدالت نے ریمارکس میں کہا کہ آئندہ کسی تاریخ پر درخواستگزار کے وکیل غیر حاضر ہونے کی صورت میں نتائج بھگتنا ہوں گے۔واضح رہے کہ کے الیکٹرک کے وکیل نے مؤقف دیا تھا کہ درخواست قابل سماعت ہی نہیں، لہٰذا مسترد کردی جائے۔ لوڈ شیڈنگ کے معاملے پر سپریم کورٹ فیصلہ کرچکی ہے۔سندھ ہائی کورٹ میں دائر درخواست میں جماعت اسلامی نے مؤقف اپنایا تھا کہ کے الیکٹرک کا 70 فیصد فیڈرز کو لوڈ شیڈنگ سے مستثنیٰ قرار دینے کا دعویٰ حقیقی نہیں۔ شہریوں کی شکایات اور دیگر ذرائع سے اس دعوے کی تائید نہیں ہوتی۔