ایشین جونیئر اسکواش چیمپئن سہیل عدنان کی ایڈیشنل چیف سیکرٹری جنوبی پنجاب سے ملاقات

ہفتہ 12 جولائی 2025 20:40

ملتان (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 12 جولائی2025ء) ایشین جونیئر اسکواش چیمپئن سہیل عدنان نے ایڈیشنل چیف سیکرٹری جنوبی پنجاب فواد ہاشم ربانی کی خصوصی دعوت پر جنوبی پنجاب سیکرٹریٹ کا دورہ کیا۔ہفتہ کے روز سہیل عدنان کو ان کے گھر سے سرکاری گاڑی پر پولیس اسکواڈ کے ہمراہ مکمل پروٹوکول کے ساتھ یہاں جنوبی پنجاب سیکرٹریٹ لایا گیا، جہاں ایڈیشنل چیف سیکرٹری فواد ہاشم ربانی نے ان کا پُرتپاک استقبال کیا۔

فواد ہاشم ربانی نے سہیل عدنان کو ایشین جونیئر اسکواش چیمپئن شپ (انڈر 13) میں سونے کا تمغہ جیتنے پر دلی مبارکباد پیش کرتے پھولوں کا گلدستہ پیش کیا۔اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے ایڈیشنل چیف سیکرٹری جنوبی پنجاب نے کہا کہ پاکستان کو سہیل عدنان جیسے باصلاحیت نوجوانوں پر فخر ہے،جنہوں نے دنیا بھر میں پاکستان کا نام روشن کیا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ اسکواش کے میدان میں سہیل عدنان جیسے نوجوان کھلاڑی پاکستان کے کھیلوں میں سنہری دور کی واپسی کی نوید ہیں۔

سہیل عدنان نے عزت افزائی پر ایڈیشنل چیف سیکرٹری کا شکریہ ادا کیا اور اس عزم کا اظہار کیا کہ وہ مستقبل میں بھی بین الاقوامی سطح پر پاکستان کا پرچم بلند کرتے رہیں گے۔ ایڈیشنل چیف سیکرٹری فواد ہاشم ربانی نے سہیل عدنان کو اپنی جیب سے نقد انعام اور سونئیر بھی پیش کیا۔ اس دوران سہیل عدنان کے والد عدنان رشید اور بھائی بھی ان کے ہمراہ تھے۔سہیل عدنان کے دونوں بھائی بھی سکواش کھیلتے ہیں۔