Live Updates

حلقہ این اے 120 کی ترقی کیلئے وزیراعظم اور وزیر اعلیٰ پنجاب کی خصوصی ہدایت پر 35 ارب روپے کا بجٹ مختص کیا گیا ، سردار ایاز صادق

ہفتہ 12 جولائی 2025 20:40

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 12 جولائی2025ء) سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے کہا ہے کہ حلقہ این اے 120 کی ترقی کے لیے وزیراعظم محمد شہباز شریف اور وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز کی خصوصی ہدایت پر 35 ارب روپے کا بجٹ مختص کیا گیا ہے۔ وہ ہفتہ کو یہاں تیجگڑھ میں کارکنوں سے خطاب کر رہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ علاقے میں پہلے نہ سڑکیں تھیں، نہ سیوریج کا نظام، لیکن اب انیس ارب روپے کی لاگت سے جاری ترقیاتی کاموں کے تحت سیوریج، پینے کے صاف پانی کی فراہمی اور سڑکوں کی تعمیر کی جا رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ اب علاقہ میں کوئی گائوں یا گلی کچی نہیں رہے گی، تمام گلیاں پختہ کی جائیں گی۔انہوں نے کہا کہ ہم خوش قسمت ہیں کہ حلقے کو خاطر خواہ فنڈز فراہم کیے گئے جبکہ پورے پنجاب میں بھی ترقیاتی فنڈز دیئے جا رہے ہیں، عید کے موقع پر صفائی کے بہترین انتظامات کیے گئے اور مریم نواز نے کام کر کے دکھایا ہے،حلقے میں شجرکاری مہم کے تحت درخت بھی لگائے جا رہے ہیں۔

(جاری ہے)

سردار ایاز صادق نے کہاکہ پاکستان نے عالمی سطح پر اپنی حیثیت منوائی ہے، بھارت دس گنا بڑی طاقت ہے مگر ہماری افواج نے اسے ایسی شکست دی جو پوری دنیا نے دیکھی، وزیر اعظم محمد شہباز شریف نے ملکی عزت اور وقار میں اضافہ کیا ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان نے جنگ میں کبھی پہل نہیں کی، لیکن جب حملہ کیا گیا تو جواب ایسا دیا کہ بھارت کو دنیا سے ثالثی کی اپیل کرنا پڑی، ہماری فوج اور نوجوانوں نے ملک کے دفاع میں اپنی جانوں کا نذرانہ دے کر عظیم قربانیاں دیں۔

سپیکر قومی اسمبلی نے کہا کہ ان عناصر پر افسوس ہے جو ملک کے خلاف زبان درازی کرتے ہیں، چاہے وہ دہشت گرد ہوں یا یوٹیوبرز۔انہوں نے کہا کہ اب فیصلہ کر لیا گیا ہے کہ ملک دشمن زبان استعمال کرنے والوں کو منہ توڑ جواب دیا جائے گا، دشمنوں کو پیغام دے دیا گیا ہے کہ اگر پاکستان کی طرف میلی آنکھ سے دیکھا گیا تو بھرپور جواب دیا جائے گا۔ایاز صادق نے بلوچستان میں حالیہ دہشت گردی کے واقعے پر گہرے دکھ کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ دہشت گردوں کو ان کے انجام تک پہنچایا جائے گا۔
Live بجٹ 26-2025ء سے متعلق تازہ ترین معلومات