Live Updates

میئر کراچی کا نیپا و صفورہ ہائیڈرنٹ پر ڈرامائی چھاپہ محض دکھاوا ہے، علی خورشیدی

مالی سال 2024-25 میں واٹر بورڈ کے بجٹ سے پانی کے نظام کی بہتری کے لیے ایک روپے کا بھی استعمال نہ ہونا عوام کے ساتھ سنگین مذاق کے مترادف ہے،اپوزیشن لیڈر سندھ

ہفتہ 12 جولائی 2025 20:40

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 12 جولائی2025ء)ایم کیو ایم پاکستان کے اپوزیشن لیڈر سندھ اسمبلی علی خورشیدی نے میئر کراچی مرتضی وہاب کی جانب سے واٹر کارپوریشن انتظامیہ کے ہمراہ نیپا و صفورہ ہائیڈرنٹ پر کیے گئے مبینہ چھاپے کو محض ایک ڈرامائی کاروائی قرار دیتے ہوئے گہری تشویش کا اظہار کیا ہے۔ علی خورشیدی نے سوال اٹھایا کہ کیا پورے کراچی میں صرف دو ہی غیر قانونی ہائیڈرنٹس سرگرم ہیں یہ کاروائی صرف عوام کی آنکھوں میں دھول جھونکنے کے مترادف ہے۔

انہوں نے کہا کہ چھاپے کی آڑ میں صرف نچلے گریڈ کے غریب ملازمین کو معطل کیا گیا ہے جبکہ اصل ذمہ داران، خصوصا انچارج ہائیڈرنٹ سیل اور واٹر کارپوریشن کے اعلی افسران کے خلاف کوئی کارروائی عمل میں نہیں لائی گئی۔

(جاری ہے)

میئر کراچی ان افراد کے خلاف کارروائی کرنے سے گریزاں ہیں جو اس پورے نظام کے اصل ذمہ دار ہیں۔ علی خورشیدی نے واٹر کارپوریشن کے موجودہ سی ای او اور سی او او کو نااہل قرار دیتے ہوئے کہا کہ ان کی ناقص کارکردگی کی وجہ سے ادارے کا پچھلا سالانہ بجٹ مکمل طور پر ضائع ہوگیا۔

انہوں نے حکومت سندھ اور میئر کراچی سے مطالبہ کیا کہ فوری طور پر غیر جانبدارانہ تحقیقات کرائی جائے کہ مالی سال 2024-25 کا واٹر کارپوریشن کا مکمل بجٹ کس کے ایما پر ضائع کیا گیا اور یہ فنڈز کہاں خرچ ہوئے۔ اپوزیشن لیڈر نے مزید کہا کہ کراچی سے ہر ماہ اربوں روپے کی وصولی کی جاتی ہے، مگر اس کے باوجود گزشتہ سال واٹر بورڈ کے بجٹ سے پانی کے نظام کی بہتری کے لیے ایک روپے کا بھی استعمال نہیں کیا گیا۔ یہ صورتحال عوام کے ساتھ سنگین مذاق کے مترادف ہے۔
Live بجٹ 26-2025ء سے متعلق تازہ ترین معلومات