بھارتی قبضے اور ظلم و بربریت کے خلاف کشمیریوں کی جدوجہد، مزاحمت اور قربانیوں کی ایک تاریخ ہے،ریاض کوہمروی

13جولائی1931 کو 22 کشمیری مسلمانوں نے جان قربان کر کے اذان مکمل کرنے کی ایسی لازوال داستان رقم کی ہے جس کی نظیر نہیں ملتی

اتوار 13 جولائی 2025 14:35

لندن(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 13 جولائی2025ء)پاکستان پیپلزپارٹی برطانیہ کے نائب صدر ریاض کوھمروی نے کہا ہے کہ 13جولائی1931 کو 22 کشمیری مسلمانوں نے جان قربان کر کے اذان مکمل کرنے کی ایسی لازوال داستان رقم کی ہے جس کی نظیر نہیں ملتی اور جس پر آج بھی کشمیری قوم عمل پیرا ہوتے ہوئے اپنے پیدائشی حق،حق خودارادیت کیلئے مسلسل قربانیاں دے رہی ہے ان خیالات کا اظہار انھوں نے 13 جولائی یوم شہدائے کشمیر کے موقع پر اپنے خصوصی پیغام میں کیا انھوں نے کہا کہ آزادی کے لیے اس شجاعت اور جذبے کی دنیا کی کسی تاریخ میں مثال نہیں ملتی بھارتی قبضے اور ظلم و بربریت کے خلاف کشمیریوں کی جدوجہد، مزاحمت اور قربانیوں کی ایک تاریخ ہے۔

کشمیری نوجوان اپنے ان عظیم شہداء کے نقش قدم پر عمل پیرا ہو کر غیر قانونی بھارتی تسلط کے خلاف ایک بھر پور مزاحمت اور قربانیوں کی ایک لازوال تحریک رقم کرتے ہوئے تکمیل پاکستان کی جنگ لڑ رہے ہیں۔

(جاری ہے)

بھارتی مسلح افواج کے کشمیری مسلمانوں پر تاریخ انسانی کے بدترین مظالم کے باوجود کشمیری قوم کے جذبہ حریت میں کمی واقع نہیں ہوئی اور کشمیری مائیں، بہنیں آج بھی سبز ہلالی پرچم لیے نکلتی ہیں۔آزادی کے لیے کشمیریوں کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی۔عالمی برادری کو اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق مظلوم کشمیریوں کو انکے حقوق دینے ہوں گے۔آخری کشمیری تک ہم اپنی آزادی کے لیے لڑیں گے۔