وزیراعظم یوتھ اسکل ڈویلپمنٹ پروگرام کے تحت کورسز مکمل کرنے والے گریجویٹس میں اسناد تقسیم،وفاقی وزیر ڈاکٹرخالد مقبول صدیقی کی بطور مہمان خصوصی شرکت

اتوار 13 جولائی 2025 23:00

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 13 جولائی2025ء) وزیراعظم یوتھ اسکل ڈویلپمنٹ پروگرام کے تحت کورسز مکمل کرنے والے گریجویٹس کو خراج تحسین پیش کرنے کے لیے آرٹس کونسل آف پاکستان میں تقسیم اسناد کی تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ اس موقع پر وفاقی وزیر تعلیم و پیشہ ورانہ تربیت ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی مہمان خصوصی تھے جنہوں نے نوجوانوں کو جدید دور کے تقاضوں سے ہم آہنگ ہنر مند بنانے کے اس پروگرام کی تعریف کی۔

انہوں نے کہا کہ ہنر مندی کے ذریعے نوجوانوں کو بااختیار بنانا نہ صرف ان کے مستقبل بلکہ پورے ملک کی ترقی میں سرمایہ کاری ہے۔ تقریب میں اعلیٰ کارکردگی دکھانے والے طلباء کے لیے ریفل ڈراء بھی کیا گیا، جس میں وزیر تعلیم نے کئی تربیت حاصل کرنے والے طلباء کو لیپ ٹاپس بطور انعامات پیش کیے، جس سے تقریب میں جوش و خروش میں اضافہ ہوا۔

(جاری ہے)

اس موقع پر سیاست دانوں، بیوروکریٹس، صنعتکاروں، ٹرینرز اور نوجوان طلباء کی بڑی تعداد موجود تھی، جس سے پیشہ ورانہ تعلیم اور تکنیکی تربیت میں بڑھتی ہوئی دلچسپی کی عکاسی ہوتی ہے۔

نیوٹیک کے ایگزیکٹیو ڈائریکٹر محمد عامر جان نے کمیشن کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ ہم پاکستانی نوجوانوں کی صلاحیتوں کو اجاگر کرنے اور ہنر مند اور خود انحصار لیبر فورس بنانے کے لیے مختلف شعبوں میں مفت معیاری تربیت فراہم کر رہے ہیں۔ وزیر اعظم یوتھ اسکل ڈویلپمنٹ پروگرام حکومت کا ایک اہم ترین اقدام ہے جس کا مقصد بے روزگاری میں کمی لانا اور نوجوانوں کو ڈیجیٹل و صنعتی معیشت کے لیے تیار کرنا ہے۔

نیوٹیک نے اپنے پروگرامز میں جدید ٹیکنالوجی اور انٹر پرینیورشپ کی تربیت شامل کی ہے جو عالمی روزگار کے رجحانات سے ہم آہنگ ہیں۔ شرکاء اور ان کے اہل خانہ نے پروگرام کے منتظمین کا شکریہ ادا کرتے ہوئے امید ظاہر کی کہ اس تربیت نے ان کے لیے روزگار اور خود روزگاری کے نئے دروازے کھول دیئے ہیں۔ وفاقی وزارت تعلیم و پیشہ ورانہ تربیت اور دیگر شراکت داروں کے تعاون سے نیوٹیک آنے والے مہینوں میں ملک بھر میں مزید تربیتی بیچز شروع کرنے کا ارادہ رکھتی ہے۔