پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ایک بار پھر بڑے اضافے کا امکان

آئندہ 15 روز کیلئے سپیڈ ڈیزل 5 روپے27 پیسے جبکہ پیٹرول فی لیٹر 6 روپے 60 پیسے تک مہنگا ہو سکتا ہے، اوگرا پیٹرولیم مصنوعات سے متعلق ورکنگ کل حکومت کو بھجوائے گا

Faisal Alvi فیصل علوی پیر 14 جولائی 2025 11:56

پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ایک بار پھر بڑے اضافے کا امکان
اسلام آباد(اردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین۔14جولائی 2025)ملک بھر میں پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ایک بار پھر بڑے اضافے کا امکان، آئندہ 15 روز کیلئے پیٹرولیم مصنوعات ساڑھے 6 روپے فی لیٹر تک مہنگی ہونے کا امکان ہے، 16 جولائی سے قیمتوں میں بڑے اضافے کا امکان ہے۔اوگرا پیٹرولیم مصنوعات سے متعلق ورکنگ کل حکومت کو بھجوائے گا۔ وزارت خزانہ، وزیراعظم سے مشاورت کے بعد قیمتوں سے متعلق حتمی فیصلہ کریگی،بتایا گیا ہے کہ ہائی سپیڈ ڈیزل کی قیمت میں فی لیٹر قیمت 5 روپے27 پیسے جبکہ پیٹرول فی لیٹر 6 روپے 60 پیسے تک مہنگا ہو سکتا ہے۔

قیمتوں میں ردوبدل عالمی مارکیٹ میں قیمتوں کے تناسب سے کیا جائے گا تاہم وفاقی حکومت صوابدیدی اختیارات کے تحت قیمتیں کم یا زیادہ کرنے کا اختیار رکھتی ہے۔

(جاری ہے)

یاد رہے کہ اس سے قبل بھی یکم جولائی کو حکومت نے مہنگائی کی چکی میں پس رہے عوام پر پیٹرول بم گرادیا تھا۔ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں 10 روپے 39 پیسے تک کا اضافہ کیاگیاتھا۔جاری نوٹیفکیشن کے مطابق پیٹرول کی قیمت میں 8 روپے 36پیسے جبکہ ہائی سپیڈ ڈیزل کی قیمت میں 10 روپے 39 پیسے اضافہ کیا گیا ہے۔

وزارت خزانہ کی جانب سے اگلے پندرہ روزکیلئے نئی قیمتوں کا اطلاق فوری طور پر کر دیا گیا تھا۔ تفصیلات کے مطابق وزارت خزانہ کی جانب سے جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق پیٹرول کی نئی قیمت 266 روپے 79 پیسے فی لیٹر مقررہو گئی تھی۔ پیٹرول کی قیمت میں 8 روپے 36 پیسے فی لیٹر اضافہ کیا گیا تھا۔اسی طرح ہائی سپیڈ ڈیزل کی قیمت میں 10 روپے 39 پیسے فی لیٹر اضافہ کیا گیا تھا جس کے بعدہائی سپیڈ ڈیزل کی نئی قیمت 272 روپے 98 پیسے فی لیٹر مقرر کی گئی تھی۔

نئی قیمتوں کا اطلاق یکم جولائی سے کردیا گیا تھا۔عالمی مارکیٹ میں خام تیل کی قیمتوں میں اضافے اور روپے کی قدر میں کمی کے باعث پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ کیا گیا تھا۔ ذرائع کے مطابق پیٹرولیم مصنوعات کی نئی قیمتوں میں 2 روپے 50 پیسے کاربن لیوی عائد کردی گئی تھی۔آئی ایم ایف شرائط کے تحت پیٹرول اور ڈیزل پر آج سے کلائمٹ سپورٹ لیوی عائد کردی گئی تھی۔ پیٹرول اور ہائی سپیڈ ڈیزل پر دو روپے پچاس پسے فی لیٹر کلائمٹ سپورٹ لیوی عائد کردی گئی تھی۔