عالمی امن وسلامتی کیلئے پاکستان کی کاوشیں لائق تحسین ہیں،شرافت علی خلجی

پاکستان کا اقوام متحدہ سلامتی کونسل کی صدارت سنبھالنا اہل کشمیر کے لیے باعث فخر ہے

پیر 14 جولائی 2025 15:10

مظفرآباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 14 جولائی2025ء)مرکزی سیکرٹری اطلاعات ونشریات مسلم لیگ ن یوتھ ونگ آزاد جموں وکشمیر شرافت علی خلجی نے کہا ہے کہ پاکستان کا اقوام متحدہ سلامتی کونسل کی صدارت سنبھالنا اہل کشمیر کے لیے باعث فخر ہے۔عالمی امن وسلامتی کیلئے پاکستان کی کاوشیں لائق تحسین ہیں، پاکستان نے ہمیشہ ایک ذمہ دار اور امن پسند ملک ہونے کا ثبوت دیا ہے کشمیری عوام کی امیدوں و امنگوں کا مرکز پاکستان ہے کشمیری ہمیشہ پاکستان کی سلامتی، ترقی اور استحکام کیلئے دعاگو رہتے ہیں۔

اپنے ایک بیان میں شرافت علی خلجی نے کہا کہ سلامتی کونسل کی صدارت ایک علامتی مگر اسٹریٹجک کردار ہے جو ایک نہایت حساس اور پیچیدہ عالمی ماحول میں پاکستان کے حصے میں آیا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ اس منصب کی حیثیت غیر معمولی ہے،پاکستان کی صدارت کو ایک امید بھری نگاہ سے دیکھا جا رہا ہے۔پاکستان کو سلامتی کونسل کی صدارت کے ذریعے فلسطین اور مسئلہ کشمیر جیسے دیرینہ مسائل کو عالمی ضمیر کے سامنے پیش کرنے کا سنہری موقع ملا ہے۔

انہوں نے کہا کہ مسئلہ کشمیر کے حل کیلئے پاکستان نے ہمیشہ کشمیری عوام کی خواہشات اور اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق حل کی بات کی ہے جبکہ بھارت نے ہمیشہ کشمیریوں کو دبانے کیلئے طاقت کا استعمال کیا ہے اور بین الاقوامی دنیا کی آنکھوں میں دھول جھونک کر تحریک آزادی کشمیر کو دبانے کی ناکام کوشش کی ہے۔انہوں نے کہا کہ دنیا جان لے کہ اس خطے میں پائیدار امن کے لیے مسئلہ کشمیر کا کشمیری عوام کی خواہشات کے مطابق حل ناگزیر ہے۔