دیامر سمیت خیبرپختونخوا کے تین اضلاع میں خصوصی انسداد پولیو مہم شروع

پیر 14 جولائی 2025 17:15

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 14 جولائی2025ء) دیامر سمیت خیبرپختونخوا کے تین اضلاع میں خصوصی انسداد پولیو مہم کا آغاز ہو گیا ۔ نیشنل ایمرجنسی آپریشن سینٹر (نیشنل ای او سی)کی جانب سے جاری تفصیلات کے مطابق اسلام آباد اور راولپنڈی کی مخصوص یونین کونسلز میں بھی پیر سے انسداد پولیو مہم شروع کر دی گئی ہے ۔

(جاری ہے)

حکام نے کہا کہ خصوصی مہم کے دوران 3 لاکھ 18 ہزار سے زائد بچوں کو پولیو سے بچائو کے قطرے پلائے جائیں گے،ہر مہم میں پولیو ویکسین پلوانا بچے کو عمر بھر کی معذوری سے تحفظ فراہم کرتا ہے اور حفاظتی ٹیکوں کا مکمل کورس بچوں کو مہلک بیماریوں سے محفوظ رکھتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ پولیو کا خاتمہ ہم سب کی مشترکہ ذمہ داری ہےاور ہر فرد کو اس سلسلے میں اپنا کردار ادا کرنا ہوگا۔انہوں نے کہا کہ پاکستان سے پولیو کا خاتمہ قومی عزم، مربوط حکمت عملی اور والدین کے تعاون سے ممکن ہے۔