بھارت کی ہٹ دھرمی پر مبنی پالیسیاں مسئلہ کشمیر کے حل میں سب سے بڑی رکاوٹ ہیں،حریت کانفرنس

پیر 14 جولائی 2025 19:55

سرینگر (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 14 جولائی2025ء) بھارت کے غیر قانونی طور پر زیر تسلط جموں و کشمیر میں کل جماعتی حریت کانفرنس نے کہا ہے کہ بی جے پی کی زیر قیادت بھارتی حکومت کی ہٹ دھرمی پر مبنی ظالمانہ پالیسیاں خطے میں امن اور تنازعہ کشمیر کے حل میں سب سے بڑی رکاوٹ ہیں۔کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق کل جماعتی حریت کانفرنس کے ترجمان ایڈوکیٹ عبدالرشید منہاس نے سرینگر میں جاری ایک بیان میں مودی حکومت کی جانب سے 13جولائی 1931کے شہدا کوخراج عقیدت پیش کرنے کیلئے مزار شہداء نقشبند صاحب کی طرف مارچ پر پابندی سمیت انسانی حقوق کی بڑھتی ہوئی خلاف ورزیوں پرسخت تشویش کا اظہار کیا۔

انہوں نے کہا کہ کرفیو جیسی پابندیوں،مزار شہدا نقشبند صاحب سرینگر کی طرف جانیوالے راستوں کی ناکہ بندی اور سیاسی رہنمائوں کی نظربندی سے مقبوضہ علاقے کی صورتحال میں بہتری کے مودی حکومت کے دعوے بری طرح بے نقاب ہو گئے ہیں ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ بھارت طاقت کے وحشیانہ استعمال کے ذریعے کشمیری عوام کے ناقابل تنسیخ حق خودارادیت کے حصول کی جائز جدوجہد کودبا نہیں سکتا۔حریت ترجمان نے عالمی برادری پر زور دیا کہ وہ مقبوضہ کشمیر کی بگڑتی ہوئی صورتحال کا فوری نوٹس لے اور تنازعہ کشمیر کے اقوام متحدہ کی قراردادوں اور کشمیری عوام کی امنگوں کے مطابق حل کیلئے اپنا اہم کردار ادا کرے۔