گاندربل میں خاتون کے قتل کے خلاف احتجاجی مظاہرہ، انصاف کا مطالبہ

پیر 14 جولائی 2025 23:11

سرینگر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 14 جولائی2025ء)غیرقانونی طورپر بھارت کے زیر قبضہ جموں وکشمیرمیں ضلع گاندربل کے علاقے صفاپورہ میں لوگوں نے ایک خاتون کے مبینہ قتل کے خلاف احتجاجی مظاہرہ کرتے ہوئے ملزمان کے خلاف فوری کارروائی کا مطالبہ کیا۔ کشمیر میڈیاسروس کے مطابق مظاہرین نے پولیس پر زور دیا کہ وہ اس معاملے کی فوری تحقیقات کرے اورمجرموں کو انصاف کے کٹہرے میں کھڑا کرکے خاتون کے اہلخانہ کو انصاف فراہم کرے۔

مظاہرین کے مطابق ایک 28سالہ خاتون کو اس کے ایک رشتہ دار نے اغوا کر کے قتل کر دیا ہے۔

(جاری ہے)

سول سوسائٹی کے ایک رکن سہیل احمد نے بتایاکہ ہم اس میں ملوث ملزمان کے خلاف فوری تحقیقات اور سخت کارروائی کا مطالبہ کرتے ہیں۔دریں اثنا ء سینئر سپرنٹنڈنٹ آف پولیس گاندربل خلیل احمد پسوال نے موقع پر پہنچ کر متاثرہ خاتون کے اہل خانہ اور مظاہرین کو فوری کارروائی اور جرم میں ملوث ملزمان کے خلاف سخت کارروائی کی یقین دہانی کرائی ۔ انہوں نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ مقدمہ درج کر لیا گیا ہے اور تحقیقات شروع کر دی گئی ہیں۔ ایس ایس پی نے کہا کہ ہم نے ملزم کو حراست میں لے لیا ہے اور تفتیش جاری ہے۔ انہوں نے کہا کہ جو بھی جرم میں ملوث ہے اسے سخت کارروائی کا سامنا کرنا پڑے گا۔