Live Updates

۳ ہم ہر سطح پر اپنے عظیم قائد عمران خان کے ویژن کے مطابق عوام کی خدمت جاری رکھیں گے‘ فضل حکیم خان یوسفزئی

پیر 14 جولائی 2025 20:40

ُپشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 14 جولائی2025ء)خیبر پختونخوا کے وزیر برائے لائیو سٹاک، فشریز و کوآپریٹیو فضل حکیم خان یوسفزئی نے کہا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف ایک نظریے اور عوامی خدمت کا نام ہے اور ہم ہر سطح پر اپنے عظیم قائد عمران خان کے ویژن کے مطابق عوام کی خدمت جاری رکھیں گے۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان ہمارے قائد ہیں اور ہم اپنے قائد کے ہر حکم کو عزت و عقیدت سے قبول کرتے ہیں۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے اپنے دفتر پشاور میں صوبے کے مختلف علاقوں سے آئے ہوئے عوامی وفود سے ملاقات کے دوران کیا۔ صوبائی وزیر نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف کے کارکنان اور عوام ہمارے لیے انتہائی محترم اور قابل قدر ہیں اور میرے دفتر کے دروازے ہر شہری اور کارکن کے لیے ہر وقت کھلے ہیں عوام بلا جھجک کسی بھی وقت مجھ سے رابطہ کر سکتے ہیں۔

(جاری ہے)

فضل حکیم خان نے کہا کہ پارٹی کی مضبوطی، عوامی رابطہ، اور کارکنوں کے ساتھ مشاورت پاکستان تحریک انصاف کے منشور کا اہم حصہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ انشائاللہ وہ وقت دور نہیں جب عمران خان ایک بار پھر ہمارے درمیان ہوں گے اور ملک کی قیادت بطور وزیراعظم سنبھالیں گے۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا سردار علی امین خان گنڈاپور ایک حقیقی عوامی لیڈر اور خدمت گزار وزیر اعلیٰ ہیں جو ہر وقت عوام کے درمیان موجود رہتے ہیں اور ان کے مسائل کے حل کے لیے عملی اقدامات اٹھا رہے ہیں۔

وزیر اعلیٰ کی قیادت میں خیبرپختونخوا میں شفاف طرز حکمرانی، ترقیاتی منصوبوں میں تیزی اور اداروں کی فعالیت کو ترجیح دی جا رہی ہے۔ عوامی فلاح و بہبود، صحت، تعلیم، روزگار اور انصاف کی فراہمی کے لیے صوبائی حکومت نے متعدد انقلابی اقدامات کا آغاز کیا ہے۔صوبائی وزیر نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف کے کارکنان پارٹی کا اصل سرمایہ ہیں جن کی قربانیاں، وفاداریاں اور انتھک جدوجہد ہر لحاظ سے قابل فخر ہیں۔ فضل حکیم خان نے کہا کہ کارکنان کی کوششوں کی بدولت ہی پارٹی نے ہر محاذ پر کامیابیاں حاصل کیں اور عوام کا اعتماد جیتا۔ انہوں نے مزید کہا کہ قائد عمران خان کے ویژن کو عملی جامہ پہنانے میں کارکنان کا کردار ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتا ہے۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات