زراعت کے مسائل پر پاکستانی و امریکی ماہرین مل کر کام کر رہے ہیں،امریکی قونصل جنرل لاہور

ہماری کوشش ہے کہ پاکستان میں نوجوان نسل کو جدید تعلیم کے مواقع دیے جائیں، کرسٹن کے ہاکنز، انٹرویو

پیر 14 جولائی 2025 22:35

ملتان(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 14 جولائی2025ء)امریکی قونصل جنرل لاہور کرسٹن کے ہاکنز نے کہا ہے کہ پاکستان اور امریکا کے دیرینہ تعلقات ہیں،جنوبی پنجاب اور امریکا میں کسانوں کو درپیش زراعت مسائل کے حوالے سے پاکستان اور امریکا کے زرعی ماہرین ایک ساتھ مل کر کام کر رہے ہیں،تجارت، زراعت اور دیگر شعبوں میں بھی دوطرفہ پروگرامز کے ذریعے دونوں ممالک ایک دوسرے کی مدد کرسکتے ہیں۔

ایک انٹرویو میں انہوں نے کہا کہ ہماری کوشش ہے کہ پاکستان میں نوجوان نسل کو جدید تعلیم کے مواقع مہیا کیے جائیں اس سلسلے میں انگلش ایکسیس پروگرام کے تحت 2004 میں شروع کیے گئے پروگرام کے تحت اب تک 27 ہزار سے زائد پاکستانی طلبا جن میں سے 6ہزار سے زائد کا تعلق پنجاب سے ہے ،اس پروگرام سے فارغ التحصیل ہوچکے ہیں، یہ طلبا دونوں ممالک کیلئے ایک محفوظ اور خوش حال مستقبل میں اپنا حصہ ڈال سکیں گے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ گزشتہ دو سال کے دوران ہم نے پنجاب میں ایک ہزار سے زائد طلبا کیلئے نئے ایکسس پروگرام شروع کئے ہیں اس پروگرام میں 400سے زائد طلبا کا تعلق جنوبی پنجاب کے مختلف شہروں سے ہے۔ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ ہم نے ثقافتی تحفظ فنڈ جو کہ امریکا کا ایک اہم پروگرام ہے ،اس کے تحت پاکستان میں تقریباً 35ثقافتی منصوبوں پرکام کیا ہے جن میں سے ملتان کا گھنٹہ گھر، مزارات وغیرہ شامل ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان میں طلبا کو تعلیمی سہولیات دینے کیلئے پاکستان میں امریکا نے 19لنکن کارنرز قائم کئے ہیں جن کے ذریعے طلبا نہ صرف 3ڈی ٹیکنالوجی، تحقیقی ڈیٹا بیس کے ذریعے 40ہزار سے زیادہ تحقیقی جرائد تک رسائی حاصل کرسکتے ہیں بلکہ لنکن کارنر پاکستانی طلبہ کو امریکا میں تعلیم حاصل کرنے کے بارے میں رہنمائی کیساتھ ساتھ پاکستانیوں کو ٹیکنالوجی، ثقافتی پروگراموں میں بھی مدد دیتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ جنوبی پنجاب میں ایک لنکن کارنر بہاالدین زکریا یونیورسٹی ملتان میں اور دوسرا یونیورسٹی آف ایجوکیشن وہاڑی میں قائم کیا گیا ہے۔