ْنائب وزیراعظم کی قازقستان کے ہم منصب سے ملاقات، قریبی تعاون برقرار رکھنے کے عزم کا اعادہ

منگل 9 ستمبر 2025 16:47

ْنائب وزیراعظم کی قازقستان کے ہم منصب سے ملاقات، قریبی تعاون برقرار ..
اسلام آبا د(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 09 ستمبر2025ء)نائب وزیراعظم و وزیرخارجہ اسحق ڈار سے قازقستان کے نائب وزیراعظم مرات نورتیلو نے ملاقات کی جس میں علاقائی رابطوں کو بڑھانے اور قریبی تعاون برقرار رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا گیا۔ترجمان دفتر خارجہ کی جانب سے جاری بیان کے مطابق نائب وزیراعظم اسحق ڈار نے قازقستان کے ہم منصب کا دفتر خارجہ آمد کے موقع پر پرتپاک خیر مقدم کیا۔

(جاری ہے)

ملاقات کے دوران دونوں رہنماؤں نے دو طرفہ امور سمیت اہم علاقائی امور پر تبادلہ خیال کیا جبکہ فریقین نے نومبر 2025 میں قازقستان کے صدر کے مجوزہ دورے سے قبل سیاسی اور اقتصادی تعلقات اور علاقائی رابطوں کو بڑھانے پر بھی اتفاق کیا۔اس موقع پر اسحق ڈار نے کہاکہ پاکستان کا خطے میں امن ، استحکام اورترقی میں اہم کردار ہے، پاکستان وسط ایشیائی ممالک کیساتھ تعلقات کو فروغ دینے کا خواہاں ہے۔نائب وزیر اعظم نے کہا کہ پاکستان اور قازقستان کے درمیان تعاون کے وسیع مواقع موجود ہیں۔قازقستان کے نائب وزیراعظم مرات نورتیلو نے کہا کہ پاکستان اور قازقستان کے درمیان تجارت کے وسیع مواقع موجود ہیں، پاکستان کے ساتھ تعلقات کو نئی بلندیوں تک لے جانے کے خواہاں ہیں۔