چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی سے بین الپارلیمانی سپیکرز کانفرنس کے سیکرٹری جنرل کی ملاقات

منگل 15 جولائی 2025 17:12

چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی سے بین الپارلیمانی سپیکرز کانفرنس ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 15 جولائی2025ء) چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی سے بین الپارلیمانی سپیکرز کانفرنس کے سیکرٹری جنرل اک ناتھ دھکل نے منگل کو پارلیمنٹ ہاؤس میں ملاقات کی، چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی آئی ایس سی کے بانی چیئرمین بھی ہیں۔سینیٹ سیکرٹریٹ کے مطابق ملاقات میں آئی ایس سی کے سیکرٹری جنرل نے چیئرمین سینیٹ سے نومبر میں پاکستان میں منعقد ہونے والی مجوزہ کانفرنس پر بھی تبادلہ خیال کیا۔

چیئرمین سینیٹ وبانی چیئرمین آئی ایس سی نے سیکرٹری جنرل آئی ایس سی کے دورے کو انتہائی اہم قرار دیا۔چیئرمین سینیٹ و بانی چیئرمین آئی ایس سی نے کہا کہ آئی ایس سی امن و ترقی کے فروغ کے لئے کام کرنے کا ایک اہم فورم ثابت ہوگا، تنازعات و دیگر عالمی چیلنجز نے تمام اقوام کے لئے مشکلات پیدا کی ہیں،مسائل کا مل کر مشترکہ حکمت عملی کے ذریعے حل نکالنا وقت کی اہم ضرورت ہے۔

(جاری ہے)

آئی ایس سی کے سیکرٹری جنرل نے تمام فورم کے اراکین کی جانب سے سید یوسف رضا گیلانی کی قیادت پر بھرپور اعتماد کا اظہار کیا۔سیکرٹری جنرل آئی ایس سی نے کہا کہ سید یوسف رضا گیلانی عالمی مقبولیت رکھتے ہیں آئی ایس سی ان کی قیادت میں موثر انداز میں کام کرے گا۔سیکرٹری جنرل آئی ایس سی نے چیئرمین سینیٹ و بانی چیئرمین آئی ایس سی کو مستقبل کے لائحہ عمل کے بارے میں بھی آگاہ کیا۔انہوں نے کہا کہ آئی ایس سی نے آئی پی یو مبصر کی حیثیت سے شمولیت کے لئے درخواست دی ہے، اقوام متحدہ کے ساتھ بھی رابطہ کاری کو فروغ دیں گے۔