ترکیہ کی ترقی ہمارا رول ماڈل ہے، ترک عوام ہمارے دلوں کے انتہائی قریب ہیں، وفاقی وزیر مواصلات عبدالعلیم خان

منگل 15 جولائی 2025 17:12

ترکیہ کی ترقی ہمارا  رول ماڈل ہے، ترک عوام ہمارے دلوں کے انتہائی قریب ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 15 جولائی2025ء) وفاقی وزیر مواصلات عبدالعلیم خان نے کہا ہے کہ ترکیہ ایک عظیم قوم ہے، ان کی ترقی رول ماڈل کی حیثیت رکھتی ہے اور ترکیہ کے عوام ہمارے دلوں کے انتہائی قریب ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ترکیہ کے 15جولائی 2016 کے یوم جمہوریہ و یکجہتی کے حوالے سے ترکیہ کے سفارتخانے میں منعقدہ خصوصی تقریب سے بطور مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کیا ۔

ترکیہ کے سفارتخانہ نےاس تقریب کا اہتمام کیا جس میں وفاقی وزیر مواصلات اور صدر استحکام پاکستان پارٹی عبدالعلیم خان مہمان خصوصی تھے جبکہ پاکستان میں ترکیہ کے سفیر ڈاکٹر نذیراوغلو اور اہم سفارتی شخصیات نے شرکت کی۔ ترکیہ اور پاکستان کے پرچموں اور دونوں ممالک کے قومی ترانوں سے تقریب کا آغاز کیا گیا جبکہ مہمان خصوصی وفاقی وزیر مواصلات عبدالعلیم خان اور شرکا نے کھڑے ہو کر 9 سال قبل شہید ہونے والوں کیلئے ایک منٹ کی خاموشی اختیار کی۔

(جاری ہے)

وفاقی وزیر مواصلات عبدالعلیم خان نے اپنے خطاب میں کہا کہ ترکیہ ایک عظیم قوم ہے، ان کی ترقی رول ماڈل کی حیثیت رکھتی ہے اور ترکیہ کے عوام ہمارے دلوں کے انتہائی قریب ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کے ترکیہ کے ساتھ تعلقات انتہائی مضبوط تھے، ہیں اور انشاء اللہ ہمیشہ رہیں گے۔ عبدالعلیم خان نے صدر ترکیہ رجب طیب اردگان کی قیادت کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ وہ جب بھی ترکیہ جاتے ہیں انہیں دلی خوشی محسوس ہوتی ہے۔

وفاقی وزیر مواصلات عبدالعلیم خان نے کہا کہ دونوں ممالک باہمی تعاون، تجارت اور ترقی کے معاہدوں میں بندھے ہوئے ہیں اور ترکیہ اور پاکستان کا اتحاد خطے کے امن، ترقی اور خوشحالی کی ضمانت ہے۔ عبدالعلیم خان نے بتایا کہ استحکام پاکستان پارٹی کی طرف سے منعقدہ حالیہ اجتماعات میں پاکستانی عوام نے اپنے قومی پرچموں کے ساتھ ساتھ ترکیہ کے جھنڈے بھی لہرائے جو اس ملک سے والہانہ وابستگی کا اظہار ہے۔

تقریب میں پاکستان میں ترکیہ کے سفیر ڈاکٹر عرفان نذیر او غلو نے خطاب کرتے ہوئے 15جولائی 2016ء میں ترکی میں شہید ہونے والوں کو شاندار الفاظ میں خراج تحسین پیش کیا۔انہوں نے کہا کہ9سال قبل ترک عوام نے بھرپور مضبوطی اور اتحاد کا مظاہرہ کیا جو ہمارے قائد مصطفی اتاترک کی تعلیمات کے عین مطابق تھا۔ ڈاکٹر عرفان نذیر اوغلو نے پاکستان اور ترکیہ کے مابین گہرے دوستانہ اور برادرانہ تعلقات میں مزید فروغ کے عزم کا اظہار کرتے ہوئے وفاقی وزیر عبدالعلیم خان کی آمد کا خیر مقدم کیا۔