فلاحی ادارے انسانیت کی خدمت کے روشن چراغ ہیں، فلاحی کاموں میں نوجوانوں کی شمولیت قابل تحسین ہے، فیصل کریم کنڈی

منگل 15 جولائی 2025 19:49

فلاحی ادارے انسانیت کی خدمت کے روشن چراغ ہیں، فلاحی کاموں میں نوجوانوں ..
پشاور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 15 جولائی2025ء) گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے کہا ہے کہ فلاحی ادارے انسانیت کی خدمت کے روشن چراغ ہیں، فلاحی کاموں میں نوجوانوں کی شمولیت قابل تحسین ہے،یہی نوجوان ہمارے معاشرے کا روشن مستقبل ہیں جو ایک ہمدرد، انسان دوست اور بہتر سماج کی بنیاد رکھ رہے ہیں۔ان خیالات کا اظہارانہوں نے منگل کے روزگورنر ہائوس پشاور میں پاکستان ڈویلپمنٹ فاؤنڈیشن کی جانب سے منعقدہ تقسیم تقریب انعامات سے بحیثیت مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کیا۔

تقریب میں مختلف شعبوں میں سماجی خدمات انجام دینے والے 27رضاکاروں اور کارکنان کو اعزازی ایوارڈز سے نوازا گیا۔تقریب میں چیئرمین پی ڈی ایف محمد بلال سیٹھی،معروف ادیب اباسین یوسفزئی، رخسانہ ناہید، رابعہ بصری، فلاحی کارکنان اور مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والے افراد نے شرکت کی۔

(جاری ہے)

محمدبلال سیٹھی نے اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے فاؤنڈیشن کے اغراض ومقاصد پرروشنی ڈالی اورگورنرہائوس میں تقریب منعقد کروانے پر گورنر کاشکریہ ادا کیا۔

گورنر نے پاکستان ڈویلپمنٹ فاؤنڈیشن کی تعلیم کے فروغ، غریب طلبہ کی معاونت، طبی سہولیات کی فراہمی اور قدرتی آفات میں امدادی سرگرمیوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ یہ ادارہ ایک مشن، جذبے اور عزم کا مظہر ہے۔ گورنر فیصل کریم کنڈی نے ایوارڈ حاصل کرنے والے تمام رضاکاروں کو مبارکباد دی اورانسانیت کی خدمت کیلئے ان کی خدمات کو سراہا۔انہوں نے کہاکہ پاکستان میں لوگ دل کھول کر فلاحی کاموں میں حصہ لیتے ہیں، جو ہمارے معاشرے کی خوبصورت روایت کا حصہ ہے۔

خوشی کی بات یہ ہے کہ ہمارے نوجوان نسل اس جذبے کو آگے بڑھاتے ہوئے مختلف رفاہی تنظیموں اور ویلفیئر گروپس کے ساتھ مل کر غریبوں، یتیموں، بیماروں اور ضرورت مندوں کی مدد کر رہے ہیں۔ ان کی محنت اور جذبہ انسانیت کے لیے امید کی کرن ہیں، جو مستقبل میں ایک بہتر اور ہمدرد معاشرے کی ضمانت ہے۔انہوں نے کہاکہ سب سے زیادہ نوجوان طبقہ خیبرپختونخوا میں ہے، نوجوانوں کو صوبے کے وسائل سے متعلق آگاہ کرناہوگا اور صوبے میں امن وترقی کیلئے کردار ادا کرناہوگا۔

انہوں نے اس امید کابھی اظہارکیا کہ وہ دن دور نہیں جب خیبرپختونخوا ایک پرامن، ترقی یافتہ اور خوشحال صوبہ ہوگا۔ گورنرنے کہاکہ گورنر ہاؤس کے دروازے ہر طبقے کے لیے ہمیشہ کھلے ہیں اور یہ پروگرام اس بات کا واضح ثبوت ہے کہ گورنر ہاؤس آئندہ بھی ایسی فلاحی سرگرمیوں میں مصروف عمل افراد اور تنظیموں کی بھرپور حوصلہ افزائی جاری رکھے گا۔انہوں نے کہاکہ رواں مہینے گورنرہائوس میں مختلف کھیلوں میں صوبے کا نام روشن کرنیوالے ستاروں کیلئے ایوارڈ تقریب کا انعقاد کیاجائیگا، اس کے علاوہ بہت جلد کسانوں کی حوصلہ افزائی کیلئے کسان ایوارڈ بھی منعقدکیے جائیں گے۔

انہوں نے کہاکہ صدر مملکت، وزیراعظم اورصوبائی وزراء اعلیٰ سے بھی کسانوں کی حوصلہ افزائی کیلئے بات کروں گا۔چیئرمین پی ڈی ایف محمدبلال سیٹھی نے اس موقع پر گورنر کو بھی اعزازی شیلڈ پیش کی۔