پاکستان اور روس کے درمیان مال بردار ٹرین اگست سے چلانے کا فیصلہ

-ٹرین ایران، ترکمانستان اور قازقستان سے گزرے گی، جنوبی و وسطی ایشیا میں تجارت بڑھے گی

منگل 15 جولائی 2025 23:14

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 15 جولائی2025ء)پاکستان اور روس کے درمیان تجارتی تعلقات میں اہم پیشرفت، اگست سے مال بردار ٹرین چلانے کا اعلان کر دیا گیا ہے۔دفتر خارجہ کے حکام کے مطابق، پائلٹ پراجیکٹ کے طور پر یہ ٹرین اگست میں چلائی جائے گی۔ پہلی مال بردار ٹرین 16 بوگیوں پر مشتمل ہو گی جو ایران، ترکمانستان اور قازقستان کے راستے روس پہنچے گی۔

(جاری ہے)

حکام کے مطابق اس ریل سروس کے ذریعے مختلف تجارتی اشیا روس، ترکمانستان اور قازقستان سے پاکستان پہنچائی جائیں گی جبکہ پاکستان سے بھی مصنوعات برآمد کی جا سکیں گی۔دفتر خارجہ کا کہنا ہے کہ اس اقدام سے جنوبی ایشیا اور وسطی ایشیا کے درمیان تجارت کو فروغ ملے گا اور دونوں خطوں میں روزگار کے نئے مواقع پیدا ہوں گے۔واضح رہے کہ کچھ روز قبل وزیراعظم کے معاون خصوصی طارق فاطمی نے روس کا دورہ کیا تھا جس میں دونوں ممالک نے پاکستان اسٹیل ملز کی بحالی کے پروٹوکول پر بھی دستخط کیے تھے۔