قرآن و سنت کی بالادستی کیلئے دینی جماعتیں متحد ہوں: علامہ ہشام الہٰی ظہیر

منگل 15 جولائی 2025 23:16

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 15 جولائی2025ء)جمعیت اہلحدیث پاکستان کے صدر ڈاکٹر علامہ حافظ ہشام الہٰی ظہیر نے کہا ہے کہ دینی جماعتوں کو چاہیے کہ وہ قرآن و سنت کی بالادستی اور آئین پاکستان کے اسلامی نفاذ پر متحد ہو جائیں۔ انہوں نے کہا کہ جمعیت اہلحدیث پاکستان ہر اُس قانون سازی کو یکسر مسترد کرتی ہے جو قرآن و سنت سے متصادم ہو۔

وہ مرکزی سیکریٹریٹ قرآن و سنہ اسلامک سنٹر میں جمعیت اہلحدیث کے ذیلی ونگ تحریک طلبہ اہلحدیث کے مرکزی اجلاس سے خطاب کر رہے تھے۔علامہ ہشام الہٰی ظہیر نے دہشت گردی اور فرقہ واریت کے خاتمے کیلئے ''پیغام پاکستان'' کی شقوں پر عملدرآمد کو انتہائی ضروری قرار دیتے ہوئے کہا کہ تمام سیاسی جماعتوں کو موجودہ ملکی حالات میں سنجیدگی اور قومی یکجہتی کا مظاہرہ کرنا ہوگا۔

(جاری ہے)

انہوں نے مزید کہا کہ اقتدار کی رسہ کشی کی بجائے ریاستی اداروں سے ہم آہنگ ہو کر عوامی مسائل کا حل تلاش کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے۔اجلاس کی صدارت تحریک طلبہ اہلحدیث کے صدر حافظ اصیرم تبسم نے کی، جبکہ چیئرمین صاحبزادہ مواحد الہٰی ظہیر، جنرل سیکریٹری حافظ عمیس احمد، نعیم الرحمن طالب، حارث علی، عاطف رمضان، عبد الرحمن ہاشمی، سعد الہٰی ظہیر، حافظ حنظلہ ممتاز، حافظ طلحہ ابوبکر، طلحہ ربانی، طیب بٹ یزدانی سمیت سیکڑوں عہدیداران و کارکنان شریک ہوئے۔

اجلاس میں ''فضائل صحابہؓ و اہل بیتؓ کانفرنس'' کی حتمی تیاریوں، فلسطین و کشمیر میں جاری مظالم، اور ملک میں بڑھتی ہوئی قرآن و سنت سے متصادم قانون سازی جیسے حساس قومی امور پر مشاورت کی گئی۔بلوچستان میں پنجابی شہریوں کے قتل عام کی شدید الفاظ میں مذمت کی گئی اور اسے بھارتی خفیہ ایجنسیوں کی سازش قرار دیا گیا۔اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے چیئرمین صاحبزادہ مواحد الہٰی ظہیر اور صدر حافظ اصیرم تبسم نے کہا کہ ملک میں امن و امان، آئین، قانون اور عدل و انصاف کے حقیقی نفاذ سے ہی ممکن ہے۔

انہوں نے واضح کیا کہ تحریک کے ایجنڈے میں شعائر اللہ، ختم نبوت ﷺ، حرمت رسول ﷺ، اور تحفظ صحابہ کرامؓ و اہل بیتؓ کا دفاع سرفہرست ہے۔اجلاس کے اختتام پر تحریک طلبہ اہلحدیث نے اس عزم کا اظہار کیا کہ وہ جمعیت اہلحدیث پاکستان کی قیادت میں پاکستان کو قرآن و سنت کا سپریم لاء بنانے، امت مسلمہ کو درپیش چیلنجز سے نبرد آزما ہونے اور ملک کے اسلامی نظریاتی تشخص و اتحادِ امت کے دفاع میں ہراول دستہ بنی رہے گی۔