جاپان نے ہیومن ریسورس ڈویلپمنٹ سکالرشپ پروگرام کے لئے پاکستان کی مالی معاونت میں توسیع کر دی

منگل 15 جولائی 2025 19:20

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 15 جولائی2025ء) حکومت جاپان نے پاکستان میں ہیومن ریسورس ڈویلپمنٹ سکالرشپ (جے ڈی ایس) برائے مالی سال 2025 پروگرام کے لیے تقریباً 379 ملین ین کی امداد میں توسیع کی ہے۔اس حوالہ سے معاہدہ پر دستخط کی رسمی تقریب منعقد ہوئی اور دونوں ممالک نے دستاویزات کا تبادلہ کیا۔ وزارت اقتصادی امور اور جاپانی سفارتخانہ کی جانب سے جاری کردہ اعلامیہ کے مطابق پاکستان میں جاپان کے سفیر اکامٹسو شوئیچی اور سیکرٹری وزارت اقتصادی امور ڈاکٹر کاظم نیاز نے دستاویزات پر دستخط کئے۔

مزید برآں پاکستان میں جاپان انٹرنیشنل کوآپریشن ایجنسی (جائیکا) کے چیف نمائندہ نائوکی میاتا اور وزارت اقتصادی امور کے جوائنٹ سیکرٹری میران محی الدین سومرو نے مالی سال 2025 کے منصوبہ کے نفاذ کی تفصیلات پر مشتمل گرانٹ معاہدے پر دستخط کئے۔

(جاری ہے)

جے ڈی ایس پروگرام حکومت پاکستان کی انتظامی صلاحیتوں کو مضبوط کرنے کے لیے جاپان کے عزم کا ایک حصہ ہے جس کا آغاز 2018ء میں کیا گیا تھا۔

یہ پروگرام انتہائی قابل پاکستانی سرکاری افسران کو معروف جاپانی یونیورسٹیوں میں ماسٹرز اور پی ایچ ڈی ڈگری کے مواقع فراہم کرتا ہے۔ ان افسران کو سماجی اور اقتصادی ترقی کی پالیسیوں کی منصوبہ بندی اور ان پر عمل درآمد کرنے والے حکام میں سے منتخب کیا جاتا ہے۔جے ڈی ایس پروگرام کے ذریعے جائیکا نے اب تک سو سے زائد سرکاری افسران کو جاپان بھیجا ہے جن میں سے تقریباً 70 سکالرز کامیابی کے ساتھ اپنی تعلیم مکمل کر کے پاکستان واپس آچکے ہیں، اپنے علم اور ہنر سے ملک کی ترقی میں اپنا کردار ادا کر رہے ہیں۔

پروگرام کے تحت پبلک ایڈمنسٹریشن اور فنانس (عوامی پالیسی اور ترقیاتی مطالعات کے مضامین)، صنعتی فروغ اور سرمایہ کاری کی آب و ہوا، توانائی کی پالیسی اور موسمیاتی تبدیلی اور زرعی کاروبار اور تحفظ خوراک کے شعبوں میں تعلیم و تربیت کے مواقع فراہم کئے جاتے ہیں۔تقریب کے موقع پر جاپان کے سفیر اکاماٹسو سوئیچی نے کہاکہ جاپانی حکومت پاکستان میں سماجی اور انسانی وسائل کی ترقی سے بخوبی آگاہ ہے اور اس بات پر یقین رکھتی ہے اور اعلیٰ حکام کو ایک ذمہ دار اور جوابدہ عوامی انتظامیہ سمجھتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ مختلف تکنیکی شعبوں میں نوجوانوں اور بالخصوص نمایاں سرکاری ملازمین کی صلاحیتوں کا فروغ عوامی انتظامیہ کو مضبوط بنانے کے لیے ناگزیر ہے جس سے ملک میں کثیر الجہتی ترقیاتی چیلنجز سے موثر طریقے سے نمٹا جا سکتا ہے۔ پاکستان میں جائیکا کے چیف نمائندہ نائوکی میاتا نے اس موقع پر کہا کہ یہ پروگرام پاکستان میں انسانی وسائل کی ترقی میں اہم کردار ادا کرے گا۔

جے ڈی ایس کے ساتھی اعلیٰ علم اور مہارتیں حاصل کریں گے جو پالیسی کی منصوبہ بندی اور عمل درآمد کے حوالہ سے ان کی صلاحیتوں میں اضافہ کریں گے۔ انہوں نے اس یقین کا اظہار کیا کہ یہ افراد حکومت پاکستان کے اندر قائدانہ کردار ادا کریں گے، قومی ترقی اور عوام کی فلاح و بہبود میں حصہ ڈالیں گے۔ مزید یہ کہ جے ڈی ایس پروگرام پاکستان اور جاپان کے درمیان دوستی کا ایک عنصر ہے۔