محکمہ امورِ نوجوانان بلوچستان کے زیرِ اہتمام تربیتی سیمینار کا انعقاد

منگل 15 جولائی 2025 20:50

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 15 جولائی2025ء) محکمہ امورِ نوجوانان بلوچستان کے زیرِ اہتمام ایک تربیتی سیمینار کا انعقاد کیا گیا جس میں نوجوانوں کو مصنوعی ذہانت ، انفارمیشن ٹیکنالوجی، انٹرپرینیورشپ اور ڈیجیٹل مہارتوں جیسے جدید موضوعات پر رہنمائی اور تربیت فراہم کی گئی۔ سیمینار میں مختلف سکولوں اور کالجوں سے تعلق رکھنے والے درجنوں طلبا ء و طالبات نے شرکت کی جبکہ خصوصی طور پر صوبائی وزیر برائے کھیل امور نوجوانان راحیلہ حمید خان درانی نے شرکت کی۔

سیمینار میں خصوصی طور پر ورچوئل شرکت کرنے والے ملک کے معروف آئی ٹی اور آرٹیفیشل انٹیلیجنس ماہر قیصر رونجھا نے طلبا ء کو جدید تقاضوں کے مطابق ڈیجیٹل اسکلز، مصنوعی ذہانت کے عملی اطلاق، اور کاروباری مواقع پر تفصیلی تربیت فراہم کی۔

(جاری ہے)

وہ اردو سے اے آئی (اردو سے ائی) کے بانی ہیں، جس کا مقصد نوجوانوں کو قومی زبان میں ٹیکنالوجی کی تعلیم دینا ہے تاکہ زبان کی رکاوٹ تعلیم و ترقی کی راہ میں حائل نہ ہو۔

قیصر رونجھا نے اپنے سیشن میں طلبا کو نئی ٹیکنالوجی کے میدان میں عالمی سطح پر ہونے والی پیش رفت، سکلز ڈویلپمنٹ اور ڈیجیٹل معیشت میں نوجوانوں کے ممکنہ کردار سے متعلق مفید معلومات فراہم کیں۔ شرکا نے ان کے سیشن کو نہایت مفید، بصیرت افزا اور عملی طور پر فائدہ مند قرار دیا۔شاہ زیب نے ڈیجیٹل مارکیٹنگ اور ماہین بلوچ نے وومن انٹرپرنیورشپ پر تربیت فراہم کی۔

سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے صوبائی مشیر برائے کھیل و امورِ نوجوانان مینا مجید بلوچ نے کہا کہ نوجوان، بالخصوص لڑکیاں، ہماری آبادی کا اہم حصہ ہیں جنہیں وقت کے تقاضوں کے مطابق ہنر اور علم سے لیس کرنا وقت کی سب سے بڑی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہماری آدھی آبادی خواتین پر مشتمل ہے لیکن بدقسمتی سے ان کی شرکت قومی ترقی میں بہت کم ہے،ہم اس وقت تک ترقی نہیں کر سکتے جب تک ہماری بیٹیاں معاشی، تعلیمی اور سماجی میدانوں میں پیچھے ہوں،ہمیں انہیں بااختیار بنانا ہے، ڈیجیٹل سکلز سے آراستہ کرنا ہے تاکہ وہ خودمختار ہوں اور ملک کی خوشحالی میں بھرپور کردار ادا کریں۔

ان کا کہنا تھا کہ محکمہ امورِ نوجوانان بلوچستان صوبے کے نوجوانوں کو عالمی معیار کی تربیت فراہم کرنے کے لیے مختلف اضلاع میں ایسے سیمینارز، تربیتی سیشنز اور ہنر سیکھنے کے مواقع فراہم کر رہا ہے۔ ڈائریکٹر یوتھ افیئرز بلوچستان الیاس بلوچ نے بھی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ نوجوان نسل بلوچستان کا قیمتی سرمایہ ہے،ان کے مطابق ہمارا مشن ہے کہ ہر نوجوان کو علم، ہنر اور آگے بڑھنے کا موقع فراہم کیا جائے،آئی ٹی اور مصنوعی ذہانت وہ میدان ہیں جہاں بلوچستان کے نوجوان اپنی صلاحیتوں کا بھرپور مظاہرہ کر سکتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ محکمہ نوجوانوں کی رہنمائی کے ساتھ ساتھ انہیں ضروری پلیٹ فارم، ٹیکنیکل سپورٹ اور تربیتی مواقع فراہم کر رہا ہے تاکہ وہ پاکستان کا مستقبل سنوار سکیں۔ سیمینار کے اختتام پر طلبا و طالبات نے محکمہ امورِ نوجوانان کی اس کاوش کو سراہا اور ایسے مزید تربیتی مواقع فراہم کرنے کی درخواست کی۔ شرکا کا کہنا تھا کہ انہیں پہلی بار اپنی زبان میں اتنی جامع اور قابلِ فہم تربیت ملی، جو ان کے اعتماد اور وژن میں اضافہ کرے گی۔ یہ سیمینار محکمہ امورِ نوجوانان بلوچستان کی جانب سے نوجوانوں کو جدید علوم، ڈیجیٹل مہارتوں اور قیادت کی راہ پر گامزن کرنے کی ایک قابلِ ستائش کوشش تھی، جو مستقبل میں بلوچستان کے سماجی و معاشی ترقی کی بنیاد بنے گی۔