Live Updates

- ہم نے کوٹلی میں کامیاب ورکرز کنونشن سے ابتداء کر دی ہے اور یہ رانا ثناء اللہ کے لئے ہمارا جواب ہے، سردار عبدالقیوم نیازی

منگل 15 جولائی 2025 20:55

- تتہ پانی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 15 جولائی2025ء)پاکستان تحرئک انصاف آزادکشمیر کے مرکزی صدر وسابق وزیر اعظم سردار عبدالقیوم نیازی نے کہا ہے کہ ہم نے کوٹلی میں کامیاب ورکرز کنونشن سے ابتداء کر دی ہے اور یہ رانا ثناء اللہ کے لئے ہمارا جواب ہے،پاکستان کی دس سیٹیں دھاندلی سے لینے کے خواب دیکھنا چھوڑدیں ،اور نہ ہی ایسے دعوئوں کے ذریعے مسلم لیگ ن کے حق میں فضاء کو تبدیل کیا جاسکتاہے ، انشاء اللہ ہم آزادکشمیر کے آمدہ الیکشن میں 25سیٹیں عوامی طاقت سے لیں گئے،پھرپاکستان کے اندر جو ماحول ہے وہ مسلم لیگ ن یا پیپلز پارٹی کے لئے نہیں بلکہ پی ٹی آئی کے لئے ہے،اگر انہوں نے دھاندلی کا ارادہ کیا ہواہے تو وہ اس لحاظ سے پہلے پیپلز پارٹی کا مقابلہ کریں گئے پھر پی ٹی آئی کی باری آتی ہے،پوری قوم قائد عمران کے نظریے کی بنیادپر ہمارے ساتھ کھڑی ہے، ان کے نظریے کے مطابق اپنی جدوجہد جاری رکھیں گئے اور کوئی بھی کمپرومائز نہیں کریں گئے،ان خیالات کا اظہار انہوں نے یہاں ریسٹ ہاوس تتہ پانی میں میڈیا نمائندگان سے بات چیت کرتے ہوئے کیا، اس موقع پر ممبر مجلس عاملہ پی ٹی آئی سردار عبدالوحید جنہال،سابق پریس سیکرٹری سردار محمد حبیب ، سہیل کرامت اور دیگر بھی موجود تھے، صدر جماعت وسابق وزیر اعظم سردار عبدالقیوم نیازی نے کہاکہ کوٹلی میں ورکرز کنونشن کی کامیابی پرجملہ ضلعی عہدیداران و کارکنان اورتمام حلقہ جات کی عوام کو مبارکباد پیش کرتاہوں ،اہلیان کوٹلی نے عمران خان اور پی ٹی آئی سے محبت کا بھرپور اظہار کیا ہے، پی ٹی آئی ورکرز سے توقع کرتاہوں کہ وہ اسی جذبے سے اپنی جدوجہد جاری رکھیں گئے، سردار عبدالقیوم نیازی نے کہاکہ آزادکشمیر کی سیاسی تاریخ میں موجودہ حکومت ناکام ترین حکومت ہے،وزراء کے پاس کوئی اختیار نہیں ،ایک نائب قاصد تک بھرتی نہیں کرسکتے ،جب ہم 2006ء میں وزیر تھے توہم نے گریڈ15تک لوگ بھرتی کیے،حکومت نے اس وقت تک جو بھی اقدامات کیے ہیں وہ عوام کے لئے ریلیف کا نہیں بلکہ پریشانی کا باعث بنے ہیں ،ہم نے قائد عمران خان کے نظریے کے مطابق ہمیشہ نہ صرف عوامی مفاد کی بات کی بلکہ جدوجہد میں بھی پیش پیش رہے اور عملی اقدامات بھی اُٹھائے،اپنے دور حکومت میں عدلیہ کا بڑا بحران حل کیا، 31سال بعد بلدیاتی الیکشن کا انعقاد کروایا ،آٹے کے بحران کے مستقل حل کے لئے فوڈ پالیسی بنائی ، موجودہ حکومت نے عوامی پریشر میں آٹا عارضی سستا کیا ،اس عوامی پریشر میں ہم بھی عوام کے ساتھ تھے ،اگر موجودہ حکومت نااہلی کا مظاہرہ نہ کرتی اور ہماری فوڈ پالیسی کو لاگو کردیتی تو ہڑتالوں کی ضرورت نہیں تھی اور عوام کو مستقل بنیادوں پر سستے آٹاکی فراہمی یقینی ہوجاتی ،ہم نے جوائنٹ عوامی ایکشن کمیٹی کی کھبی بھی مخالفت نہیں کی بلکہ اس کی ہرتحرئک میں پی ٹی آئی نے مکمل ساتھ دیا،جس پرجوائنٹ عوامی الیکشن کمیٹی کے رہنمائوں کی جانب سے شکریہ بھی اداکیا ، انہوں نے مزید کہاکہ سیاسی مخالفین جو ماحول بناکرعوام کے پاس جانے کی تیاری کررہے ہیں ،عوام بخوبی واقف ہیں ،چیف الیکشن کمشنر کے باضابطہ الیکشن کے بعد ہی عوام حتمی فیصلہ کریں گئے کہ وہ ان لوگوں کے ساتھ جاناچاہتے ہیں جنہوں نے پاکستان کوتباہی کے دہانے لاکھڑ اکیایا پھرپاکستان کو بنانا چاہتے ہیں ۔

Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات