روس کے ساتھ کاروبار کیا تو پابندیاں عائد کی جائیں گی، نیٹو سربراہ کا چین، بھارت اور برازیل کو انتباہ

بدھ 16 جولائی 2025 13:49

برسلز (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 16 جولائی2025ء) نیٹو کے سیکرٹری جنرل مارک روٹے نے خبردار کیا ہے کہ روس کے ساتھ چین، بھارت اور برازیل کی تجارتی سرگرمیاں نیٹو کی سطح پر قابل قبول نہیں ہوں گی، ان ممالک نے روس کے ساتھ تجارت جاری رکھی تو ان پر ثانوی پابندیاں لگائی جائیں گی ۔العربیہ اردو کے مطابق سیکرٹری جنرل مارک روٹے نے انتہائی سخت انداز اختیار کرتے ہوئے کہا کہ اگر آپ چین یا بھارت میں ہیں یا آپ برازیل کے صدر ہیں تو آپ سب کو اس معاملے میں ضرور دیکھنا ہوگا، کیونکہ ہو سکتا ہے کہ اس کی وجہ سے آپ کو بہت سخت اقدام کا سامنا کرنا پڑ جائے۔

انہوں نے اس سے ایک روز قبل امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ سے ملاقات میں ان تینوں ممالک کے بارے میں سخت اقدامات کی پالیسی سے اتفاق کیا تھا۔

(جاری ہے)

انہوں نے ان تینوں ممالک کی قیادت کو بالواسطہ مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ اس لیے بہتر ہوگا کہ آپ روسی صدر کو فون کال کریں اور کہیں کہ اسے امن بات چیت کے لیے اب سنجیدگی ظاہر کرنا ہوگی، بصورت دیگر تینوں ممالک کو بھی مشکلات کا سامنا کرنا پڑے گا۔

اس موقع پر ری پبلکن سینیٹر تھام ٹیلیسب نے امریکی صدرکی تعریف کی کہ انہوں نے روس کو پچاس دن کا الٹی میٹم دیا ہے اور دیگر اقدامات کا اعلان کیاہے۔تاہم انہوں نے اس بارے میں تشویش ظاہر کی کہ روسی صدر اس وقت سے فائدہ اٹھاتے ہوئے یوکرین جنگ جیتنے کی کوشش کرے گا اور زیادہ جارحیت کر کے اپنی پوزیشن کو مستحکم کر لے گا۔ اس لیے لازم ہے کہ ہم ان پچاس دنوں کے دوران بھی یوکرین کو نظر انداز نہ کریں اور اس کی مدد کے لیے سرگرم رہیں۔اس موقع پر مارک روٹے نے کہا یوکرین کی روس کے خلاف جنگی پوزیشن کو ممکنہ جنگ بندی مذاکرات سےقبل مضبوط کرنے کے لیے یورپی ممالک کو اس کے لیے رقوم کا بندوبست کرنا ہوگا۔