بھارت مقبوضہ جموں وکشمیر میں سی آرپی ایف کے مزید20بٹالین تعینات کررہا ہے

بدھ 16 جولائی 2025 16:24

سرینگر (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 16 جولائی2025ء) بھارت اپنی فوجی جارحیت کو تقویت دینے اورمقبوضہ جموں وکشمیر پر اپنے قبضے کو مستحکم کرنے کے لئے علاقے میں پیراملٹری سنٹرل ریزرو پولیس فورس کے مزید20ہزار اہلکار تعینات کررہا ہے۔کشمیر میڈیا سروس کے مطابق بھارتی وزارت داخلہ نے اس اقدام کی باضابطہ منظوری دے دی ہے جس کے تحت مقبوضہ علاقے میں تعیناتی کے لیے 20نئی سی آر پی ایف بٹالین قائم کی جائیں گی۔

یہ توسیع خاص طور پر آپریشن سندور کی ناکامی کے بعد بھارتی قبضے کو تقویت دینے کی ایک اور مایوس کن کوشش ہے۔بھارتی وزارت خزانہ نے پہلے ہی اس تجویز کی منظوری دے رکھی ہے جو سیاسی حل پر فوجی جارحیت کوترجیح دینے کی نئی دہلی کی حکمت عملی کو ظاہرکرتاہے۔ رپورٹس بتاتی ہیں کہ یہ نئی بٹالین جدید اسلحہ سے لیس ہوں گی جو خصوصی طورپرمقبوضہ جموں وکشمیر کے لیے تیار کی گئی ہیں جواس بات کا واضح اعتراف ہے کہ بھارت اپنے غیر قانونی قبضے کے خلاف طویل مزاحمت کی توقع رکھتا ہے۔

(جاری ہے)

یہ اضافہ محض سکیورٹی نہیں بلکہ اپنی اسٹریٹجک ناکامی اعتراف ہے۔ مقبوضہ علاقے میں تقریبا 10 لاکھ فوجیوں کی تعیناتی کے باوجود بھارت کشمیریوں کے عزم کو توڑنے میں ناکام رہا ہے۔مودی حکومت خود ارادیت سے انکار، وحشیانہ مظالم اور انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں جیسی بنیادی وجوہات پر توجہ دینے کے بجائے فوجی جارحیت میں اضافہ کرکے عالمی سطح پر خود کو مزید الگ تھلگ کر رہی ہے۔