پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ مسترد ،حکمرانوں نے غریب عوام سے جینے کا حق بھی چھین لیا ‘جاوید قصوری

بدھ 16 جولائی 2025 16:32

پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ مسترد ،حکمرانوں نے غریب عوام سے ..
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 16 جولائی2025ء)امیر جماعت اسلامی پنجاب محمد جاوید قصوری نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں حالیہ اضافہ مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ حکومت نے ایک بار پھر عوام پر پیٹرول بم گرا دیا ہے، وزارت خزانہ نے پیٹرول اور ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمتوں میں نمایاں اضافہ کر کے یہ ثابت کر دیا ہے کہ عام آدمی کی مشکلات حکومتی ترجیحات میں شامل نہیں معاشی اشاریوں میں بہتری صرف حکومتی ریکارڈ میں ہے، درحقیقت بجلی، گیس اور پیٹرول سمیت سب کچھ مسلسل مہنگا ہورہا ہے جس کا براہ راست اثر عوام و صنعتوں دونوں پر پڑ رہا ہے،حکمرانوں نے غریب عوام سے جینے کا حق بھی چھین لیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ حکومت نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ہوشربا اضافہ عوام کا معاشی قتل کیا ہے۔

(جاری ہے)

پیٹرول کی قیمت بڑھنے سے مہنگائی کا طوفان آئے گا غریب آدمی پہلے ہی دوقت کی روٹی کیلئے پریشان ہے۔ یہ اضافہ ایسے وقت میں کیا گیا ہے جب مہنگائی پہلے ہی اپنی بلند ترین سطح پر ہے، اور روزمرہ اشیائے خوردونوش کی قیمتیں عام آدمی کی پہنچ سے باہر ہو چکی ہیں۔

پیٹرول کی قیمتوں میں اضافے کا براہ راست اثر ٹرانسپورٹ، زرعی لاگت، بجلی کی پیداوار، اشیائے ضروریہ کی قیمتوں اور دیگر تمام شعبوں پر پڑے گا، جس سے مہنگائی کی ایک نئی اور شدید لہر اٴْبھرے گی۔ان کا کہنا تھا کہ حکومت کو چاہیے کہ وہ آئی ایم ایف کی شرائط کی بجائے اپنے عوام کے مفادات کو ترجیح دے۔ یہ اضافہ صنعتوں، زراعت، اور ٹرانسپورٹ کے شعبوں کو بھی شدید متاثر کرے گا، جس سے بے روزگاری میں بھی اضافہ ہوگا اور ملک بھر میں غربت مزید پھیلے گی۔پہلے ہی ملک کے اندر 3 کروڑ افراد بے روزگار ہیں۔محمد جاوید قصوری نے مطالبہ کیا کہ فی الفور پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کیے گئے اضافے کو واپس لے اور عوام کو ریلیف فراہم کرے۔