جنوبی ایشیاء پاک و ہند میں پائیدار امن کے قیام کے لیئے تنازعہ کشمیر کا حل ناگزیر ہے،عزیر احمد غزالی

بدھ 16 جولائی 2025 16:47

مظفرآباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 16 جولائی2025ء) جنوبی ایشیاء پاک و ہند میں پائیدار امن کے قیام کے لیئے تنازعہ کشمیر کا حل ناگزیر ہے۔ جموں کشمیر کے عوام استصواب رائے کے زریعے اپنے مستقبل کا فیصلہ چاہتے ہیں۔ عزیر احمد غزالی ۔پاسبان حریت جموں کشمیر کے چیئرمین عزیر احمد غزالی نے میڈیا کے نام جاری کیئے گئے ایک بیان میں کہا ہیکہ خطے میں حقیقی امن اور ترقی کی راہیں ہموار کرنے کیلئے مسئلہ کشمیر کو کشمیری عوام کی خواہشات اور امنگوں کے مطابق حل کیا جانا چاہیئے۔

عزیر احمد غزالی نے کہا ہے کہ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کو جموں کشمیر پر اپنی پاس شدہ قراردادوں پر عمل درآمد کیلئے کردار ادا کرنا ہوگا۔ انکا کہنا تھا کہ بھارت گزشتہ 8دہائیوں سے تنازعہ کشمیر کی مسلمہ متنازعہ حیثیت کو بگاڑنے ، اقوامِ متحدہ کے اصولوں اور ضابطوں کو توڑ کر قضیے کے پر امن حل کی راہ میں رکاوٹیں کھڑی کر رہا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے مزید کہا کہ مسئلہ کشمیر کا منصفانہ حل نہ نکلنے کی وجہ سے جنوبی ایشیائی خطے میں امن کے لیئے مسلسل خطرات ، جنگی خدشات اور غربت کے چیلنجز بڑھ رہے ہیں۔

غزالی نے مزید کہا کہ قریب 8دہائیاں گزرنے کے باوجود بھارت کشمیریوں کے حق خودارادیت کے مطالبے کو فوجی طاقت ، ریاستی جبر اور دہشت گردی سے کچلنے کی کوشش کر رہا ہے۔عزیر احمد نے کہا کہ اب وقت آگیا ہے کہ عالمی برادری جموں کشمیر کے عوام کے ساتھ رائے شماری کے حوالے سے کیے گئے اپنے وعدے کو پورا کریں۔انہوں نے مطالبہ کیا کہ اقوام متحدہ کو پاک و ہند میں امن قائم کرنے کے لیے تنازعہ کشمیر کو فوری طور پر حل کرنے کے لیے جاندار کردار ادا کرنا ہوگا۔ انہوں نے عالمی برادری ، اقوامِ متحدہ کے ممبر ممالک ، یورپین یونین ، او آئی سی سے مطالبہ کیا کہ وہ تنازعہ کشمیر کے حل کے لیئے حکومت ہند پر دباؤ ڈالیں۔