‏‎وفاقی وزیر داخلہ سے بیجنگ پولیس ڈیپارٹمنٹ کے وفد کی ملاقات ، ‏‎اسلام آباد اور بیجنگ پولیس کے مابین اشتراک کار بڑھانے پر تبادلہ خیال

بدھ 16 جولائی 2025 16:47

‏‎وفاقی وزیر داخلہ سے بیجنگ پولیس ڈیپارٹمنٹ کے وفد کی ملاقات  ، ‏‎اسلام ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 16 جولائی2025ء) ‏‎وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی سے بیجنگ پولیس ڈیپارٹمنٹ کے وفد نے ملاقات کی اور ‏‎اسلام آباد پولیس اور بیجنگ پولیس کے مابین اشتراک کار بڑھانے پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا ۔ وزارت داخلہ کی طرف سے جاری بیان کے مطابق بیجنگ پولیس ڈیپارٹمنٹ کے وفد نے ڈپٹی ڈائریکٹر جنرل گاؤ جیانزن کی سربراہی میں وزیر داخلہ محسن نقوی سے ملاقات کی۔

‏‏‎ملاقات میں اسلام آباد پولیس اور بیجنگ پولیس کے مابین اشتراک کار بڑھانے پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا ۔ ملاقات میں فیصلہ کیا گیا کہ اسلام آباد پولیس کے افسران کو جدید پولیسنگ و ٹیکنالوجی کی تربیت کے لئے بیجنگ بھجوایا جائے گا۔ اس بات پر اتفاق ہوا کہ اسلام آباد پولیس کے افسران بیجنگ پولیس ڈیپارٹمنٹ میں تربیتی کورسز کریں گے۔

(جاری ہے)

ملاقات میں فیصلہ کیا گیا کہ اسلام آباد پولیس کے افسران بیجنگ میں پولیسنگ نظام کی بہتری کیلئے آرٹیفشل انٹیلی جنس کی بھی ٹریننگ لیں گے۔ وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ بیجنگ میں جدید تربیت سے اسلام آباد پولیس کی استعداد کار میں اضافہ ہوگا، ‏‎‏‎اسلام آباد پولیس اور بیجنگ پولیس ڈیپارٹمنٹس ایک دوسرے کے تجربات سے بھر پور فائدہ اٹھا سکتے ہیں۔

وزیر داخلہ نے کہا کہ ‏‎بیجنگ پولیس ایک انتہائی فعال اور جدید ٹیکنالوجی سے لیس فورس ہے، امن عامہ اور ‏‎جرائم کی سرکوبی میں جدید ٹیکنالوجی کے استعمال میں بیجنگ پولیس کا تعاون اسلام آباد پولیس کیلئے انتہائی مفید ثابت ہو گا۔ محسن نقوی نے کہا کہ ‏‎بیجنگ پولیس کی جانب سے اسلام آباد پولیس کو اینٹی رائٹ میں بھی تربیت فراہم کرنے کا خیر مقدم کریں گے ، دہشت گردی،منظم جرائم،منشیات اور انسانی سمگلنگ سے نمٹنے کے لئے معلومات کا بروقت تبادلہ انتہائی اہمیت کا حامل ہے۔

وزیر داخلہ محسن نقوی نے اسلام آباد پولیس کے ساتھ اشتراک کار بڑھانے پر بیجنگ پولیس ڈیپارٹمنٹ کے وفد کا شکریہ اداکیا۔ وفد میں چین کی وزارت پبلک سکیورٹی کے ڈپٹی ڈائریکٹر جنرل لی یو ہانگ اور بیجنگ پولیس ڈیپارٹمنٹ کے ڈائریکٹرز ہی ژن، فینگ وی اور ہو جمن شامل تھے۔ اس موقع پر ‏‎وزیر مملکت داخلہ طلال چوہدری، وفاقی سیکرٹری داخلہ، ڈی جی ایف آئی اے، کمانڈنٹ نیشنل پولیس اکیڈمی، چیف کمشنر اسلام آباد ، آئی جی اسلام آبادپولیس اور ڈی سی اسلام آباد بھی موجود تھے۔\932