وزیرصحت خواجہ سلمان رفیق کا فیصل آباد انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی کا اچانک دورہ

بدھ 16 جولائی 2025 18:58

وزیرصحت خواجہ سلمان رفیق کا فیصل آباد انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی کا ..
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 16 جولائی2025ء)وزیراعلی پنجاب مریم نوازشریف کے ویژن صحت مند پنجاب کو عملی شکل دینے کے لئے اقدامات جاری ہیں۔صوبائی وزیر صحت خواجہ سلمان رفیق نے فیصل آباد انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی کا اچانک دورہ کیا۔اس موقع پرسیکرٹری محکمہ سپیشلائزڈ ہیلتھ کئیر اینڈ میڈیکل ایجوکیشن عظمت محمود خان، چیئرمین وزیر اعلی پنجاب ایڈوائزری کمیٹی برائے امراض قلب ڈاکٹر فرقد عالمگیر اور سپیشل سیکرٹری آپریشنز طارق محمود رحمانی بھی ہمراہ تھے۔

صوبائی وزیر صحت خواجہ سلمان رفیق نے ایف آئی سی میں کیو مینجمنٹ سسٹم میں بد نظمی اور ادویات کی عدم فراہمی بارے نشاندہی پر ناراضگی کااظہار کیا۔خواجہ سلمان رفیق نے پتھالوجی لیب اور ایکوگرافی وارڈ میں جاکر تشخیصی ٹیسٹوں کی تفصیل و رپورٹنگ ٹائم سے متعلق بھی پوچھا۔

(جاری ہے)

خواجہ سلمان نے رفیق سکیورٹی سٹاف کے مریضوں کے ساتھ ناروا سلوک اور صفائی کی ناقص صورتحال پر بھی برہمی کا اظہار کیا۔

صوبائی وزیر صحت اور صوبائی سیکرٹری صحت نے ایمرجنسی اور او پی ڈی فارمیسی میں مریضوں سے فرداً فرداً دستیاب سہولیات اور ادویات کی فراہمی بارے استفسار کیا۔صوبائی وزیر صحت اور سیکرٹری صحت خود 50 سے زائد مریضوں سے ملے اور سروس ڈیلیوری بارے دریافت کیا۔صوبائی وزیر صحت خواجہ سلمان رفیق نے زیر علاج مریضوں کے لئے عارضہ قلب کے علاوہ دیگر ادویات کی دستیابی بارے باقاعدہ مکینزم بنانے کی ہدایت کی۔

خواجہ سلمان رفیق اور عظمت محمود خان نے گھروں تک ادویات کی سپلائی کی پیکنگ کے عمل اور ریکارڈ کا بھی معائنہ کیا۔صوبائی وزیر صحت خواجہ سلمان رفیق نے کہاکہ گذشتہ مالی سال میں ادویات کی فراہمی کیلئے 33 ارب روپے فراہم کئے گئے۔ وزیراعلی پنجاب کی جانب سے متعین کردہ سروس ڈیلیوری کے ایس او پیز پر عمل درآمد یقینی بنایا جائے۔ادویات ہسپتال کے باہر سے منگوانے بارے شکایات پر سخت ایکشن لیا جائے گا۔

صوبائی وزیر صحت نے کہاکہ دل کے امراض سے متعلق تمام ادویات ہسپتال میں موجود ہونی چاہیئں۔دستیاب ادویات بارے ہسپتال میں لاؤڈ سپیکر پر اعلانات باقاعدگی سے کرائے جائیں۔مریضوں تک سروس ڈیلیوری میں غفلت پر زیرو ٹالرینس پالیسی ہے۔ صوبائی سیکرٹری صحت عظمت محمود خان نے کہاکہ ہسپتالوں کو گذشتہ برسوں کے واجبات کی ادائیگی کیلئے 23 ارب روپے کے فنڈز فراہم کئے گئے۔ وزیر اعلی کی ہدایت کے مطابق مریضوں کو ادویات کی عدم دستیابی پر سخت ایکشن لیا جائے گا۔ایگزیکٹو ڈائریکٹر ایف آئی سی ڈاکٹر حامد سعید اور ایم ایس ڈاکٹر ندیم اختر نے دورہ کے دوران بریفنگ دی۔