Live Updates

فیلڈ مارشل عاصم منیر نومبر 2027 تک آرمی چیف رہیں گے

فیلڈ مارشل عاصم منیر نے جو کامیابیاں حاصل کی ہیں ان پر ان سے زیادہ توسیع کے کون قابل ہوگا؟ رانا ثناء اللہ کا اہم بیان

muhammad ali محمد علی بدھ 3 ستمبر 2025 21:51

فیلڈ مارشل عاصم منیر نومبر 2027 تک آرمی چیف رہیں گے
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 03 ستمبر2025ء) رانا ثناء اللہ کا کہنا ہے کہ فیلڈ مارشل عاصم منیر نومبر 2027 تک آرمی چیف رہیں گے ۔ تفصیلات کے مطابق آرمی چیف کی مدت ملازمت میں توسیع سے متعلق وزیر اعظم کے مشیر رانا ثناء اللہ کا اہم بیان سامنے آیا ہے۔ نجی ٹی وی چینل سماء نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے رانا ثناء اللہ نے کہا کہ فیلڈ مارشل عاصم منیر نومبر 2027 تک آرمی چیف رہیں گے۔

فیلڈ مارشل عاصم منیر نے جو کامیابیاں حاصل کی ہیں ان پر ان سے زیادہ توسیع کے کون قابل ہوگا؟۔ قانون میں توسیع موجود ہے اور ملک میں 4، 4 بار توسیع ہوتی رہی۔ بعض لوگ تو خود توسیع لیتے رہے ہیں۔ ائیر چیف کی مدت ملازمت سے متعلق بھی رانا ثناء اللہ نے وضاحت کی کہ قانون میں ترمیم کے بعد ایئرچیف کیلئے نئے نوٹیفکیشن کی ضرورت نہیں پڑی اور جس دن ایئرچیف کی مدت ملازمت 5 سال پوری ہوگی تو ریٹائر ہوں گے۔

(جاری ہے)

وزیر اعظم کے مشیر نے مزید کہا کہ موجودہ اسمبلی 2029 تک اپنی مدت پورے کرے گی۔ عمران خان جس کام پر لگے ہوئے ہیں وہ نہیں ہوسکتا، عمران خان جیل میں یا باہر سیاست کرنا چاہتے ہیں تو ہماری طرف سے بات چیت کی پیشکش موجود ہے۔ رانا ثناء اللہ نے الزام عائد کیا کہ عمران خان سول وار چاہتے ہیں ، 9 مئی کو پی ٹی آئی کا سیاسی احتجاج نہیں تھا بلکہ سول وار کی کوشش تھی۔

اس سے قبل بھی ایک نجی ٹی وی چینل سے گفتگو کرتے ہوئے رانا ثناء اللہ نے کہا کہ ملک میں تسلسل کا فیصلہ ہوگیا ہے جو مزید پانچ یا دس سال کے لئے ہوگا، ہمیں تو اس بات پر پہلے بھی کوئی شک و شبہ نہیں تھا انہوں نے کہا اس سلسلے میں مری میں بڑوں کے درمیان اہم بیٹھک ہوئی ہے جس میں یہ فیصلہ کیا گیا، بہرحال جو بھی ہوگا آئین کے مطابق ہوگا، کچھ لوگوں کو اس پر شک تھا لیکن ہمیں اس کا پہلے سے ہی علم تھا۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات