ض* کراچی:ڈیفنس میں چوری کے الزام میں گرفتار گھریلو ملازمہ ایوارڈ یافتہ نکلی

4 ملزمہ اسلام آباد کی ایک جیل میں 3 سال گزار چکی ، قید کے دوران جیل میں سلائی کا کام کرنے پر سابق وزیراعظم نے مجھ کو ایوارڈ دیا تھا، تفتیشی حکام کو بیان

بدھ 16 جولائی 2025 21:40

! کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 16 جولائی2025ء) کراچی کے پوش علاقے ڈیفنس میں چوری کے مقدمے میں گرفتار گھریلو ملازمہ سے تحقیقات کے دوران اہم انکشافات سامنے آئے ہیں، ملزمہ نے 3 سال قید کے دوران ایوارڈ بھی حاصل کیا تھا۔میڈیا رپورٹ کے مطابق تفتیشی حکام کا کہنا ہے کہ چوری کے مقدمے میں گرفتار مہرین نامی ماسی ایوارڈ یافتہ نکلی، ملزمہ اسلام آباد کی ایک جیل میں 3 سال گزار چکی ہے، ملزمہ نے تفتیشی حکام کو بیان دیا ہے کہ قید کے دوران جیل میں سلائی کا کام کرنے پر سابق وزیراعظم نے مجھ کو ایوارڈ دیا تھا۔

پولیس کے مطابق ملزمہ مہرین کا تعلق فیصل آباد سے ہے، اس کیخلاف لاہور میں بھی متعدد مقدمات درج ہیں، ملزمہ کیخلاف دسمبر 2024 میں شوکت محمود نے ڈیفنس تھانے میں مقدمہ درج کرایا تھا۔

(جاری ہے)

مقدمے کے متن میں کہا گیا ہے کہ ملزمہ نے چائے میں نشہ آور دوا پلا کر اہلخانہ کو بے ہوش کیا، اس کے بعد گھر سے زیورات نقدی اور دیگر سامان لوٹ کر فرار ہوگئی تھی۔

تفتیشی حکام کا کہنا ہے کہ مذکورہ واردات مجموعی طور پر65 لاکھ روپے سے زائد کی تھی، ملزمہ مہرین چوری کی واردات میں فیروز آباد تھانے میں گرفتار ہوئی تھی۔اطلاع ملنے پر مدعی مقدمہ فیروز ا?باد تھانے پہنچے اور ملزمہ کو شناخت کیا، تفتیشی افسر کے مطابق ڈیفنس پولیس نے بھی مقدمے میں ملزمہ کی گرفتاری ڈال دی۔ اس کے علاوہ تفتیشی حکام کے مطابق ملزمہ فیروز باد تھانے میں چوری کے 3 مقدمات میں بھی گرفتار ہے، ملزمہ کلفٹن اور گذری کے کئی گھروں میں بھی کروڑوں روپے کی چوری کرچکی ہے، ملزمہ سے مزید تحقیقات کی جارہی ہیں۔