وفاقی وزیرجام کمال کی برطانوی وزیرہائوسنگ لارڈ واجد خان سے ملاقات،بلدیاتی اداروں اورمقامی کونسلز کے درمیان شراکت داری پراتفاق

جمعرات 17 جولائی 2025 14:18

وفاقی وزیرجام کمال کی برطانوی وزیرہائوسنگ لارڈ واجد خان سے ملاقات،بلدیاتی ..
لندن(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 17 جولائی2025ء)وفاقی وزیر تجارت جام کمال خان نے اپنے سرکاری دورہ برطانیہ کے دوران برطانوی وزیر ہاؤسنگ و مقامی حکومت لارڈ واجد خان سے ملاقات کی۔ اس موقع پر برطانیہ میں پاکستانی ہائی کمشنر ڈاکٹر محمد فیصل بھی موجود تھے۔ ملاقات میں پاکستان اور برطانیہ کے درمیان تجارت، سرمایہ کاری اور مشترکہ ترقی کے مواقع پر بات چیت ہوئی۔

وزیر تجارت جام کمال خان نے کہا کہ برطانیہ میں بسنے والی17 لاکھ پاکستانی نژاد افراد دونوں ملکوں کے درمیان تعلقات کو مضبوط بنانے میں اہم کردار ادا کر سکتے ہیں۔ اس ملاقات میں پاکستان برطانیہ بزنس ایڈوائزری کونسل کے قیام پر بھی گفتگو ہوئی۔ اس کونسل کا مقصد بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کی مہارتوں کو پاکستان کی معیشت اور سرمایہ کاری میں شامل کرنا ہے۔

(جاری ہے)

دونوں رہنماؤں نے شہری ترقی، کم لاگت رہائش اور جدید (سمارٹ) شہروں کے قیام پر باہمی تعاون کی ضرورت پر بھی زور دیا۔ اس سلسلے میں پاکستان کے بلدیاتی اداروں اور برطانیہ کی مقامی کونسلز کے درمیان شراکت داری پر اتفاق کیا گیا۔ وزیر تجارت نے لارڈ واجد خان کو پاکستان کا دورہ کرنے کی باضابطہ دعوت بھی دی، تاکہ وہ ترقیاتی منصوبوں کا خود جائزہ لے سکیں۔ یہ ملاقات حکومت پاکستان کی اس پالیسی کا حصہ ہے جس کے تحت بیرون ملک پاکستانیوں کو قومی ترقی میں بھرپور شریک کیا جارہا ہے۔