Live Updates

جماعت اسلامی چینی ،بجلی ،پٹرول کی قیمتوں میں اضافے کیخلاف (کل )ملک گیر احتجاج کرے گی

جمعرات 17 جولائی 2025 16:53

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 17 جولائی2025ء)امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمان کی اپیل پر چینی ، بجلی ، پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ہوشربا اضافے ، ملک میں بڑھتی ہوئی مہنگائی اور حکمرانوں کی ناقص حکمرانی کے خلاف 18جولائی کو تمام اضلاع جبکہ 20جولائی کو وسطی پنجاب کے ڈویژنل ہیڈ کواٹرز پر احتجاج کیا جائے گا۔امیر جماعت اسلامی پنجاب محمد جاوید قصوری نے کہا کہ جماعت اسلامی عوام کو تنہا نہیں چھوڑ سکتی ۔

حکمرانوں نے 24کروڑ عوام سے خوشیاں بھی چھین لی ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ حکومت نے ثابت کردیا ہے کہ عام آدمی کی مشکلات کا حل حکومتی ترجیحات میں شامل نہیں ۔ معاشی اشاریوں میں بہتری صرف حکومتی ریکارڈ میں ہے۔ملکی حالات دن بد ن ابتر ہوتے چلے جا رہے ہیں ۔

(جاری ہے)

کوئی ایک شعبہ بھی ایسا نظر نہیں آتا جس کی کارکردگی کو تسلی بخش قرار دیا جا سکتا ہو ۔کرپشن نے ملکی معیشت کی جڑوں کو کھوکھلا کر دیا ہے ، انسداد بد عنوانی کے ادارے بھی کرپٹ عناصر کی آماجگاہ بن چکے ہیں ۔

15سرکاری اداروں میں 59کھربے روپے کا خسارہ حکمرانوں کی بد ترین کارکردگی کا مظہر ہے ۔عوام کو کہیں سے بھی اور کسی بھی قسم کا کوئی ریلیف میسر نہیں ہے ۔ انہوں نے کہا کہ آئی ایم ایف کے غلاموں نے ملک و قوم کے ساتھ کھلواڑ کیا ہے ۔اپنی تنخواہوں اور مراعا ت میں تو مسلسل اضافہ کر رہے ہیں جبکہ عوام کو قربانی کا بکر ا بنایا ہوا ہے ۔ظالمانہ ٹیکسوں کے ذریعے عوام کی زندگی اجیرن بنا دی ہے ۔

ٹیکسوں کے نظام میں بہتری کی بجائے ، تنخواہ دار طبقے پر مسلسل ٹیکس بڑھا کر خون نچوڑا جا رہا ہے اور کوئی پوچھنے والا ہی نہیں ۔ حکمرانوں نے ظلم کی انتہا کر دی ہے ۔ محمد جاوید قصوری نے مزید کہا کہ موجودہ حکمرانوں نے ملک و قوم کو بند گلی کی طرف دھکیل دیا ہے۔فارم 47والے پاکستان کودرپیش مشکلات میں اضافہ کر رہے ہیں۔ یوں محسوس ہوتا ہے کہ جیسے کسی کو بھی عوام کے مسائل کے حل سے کوئی غرض نہیں اور نہ ہی قومی سلامتی اور عزت و وقار کی قدر ہے ۔ملکی حالات دن بدن ابتر ہوتے چلے جا رہے ہیں ۔
Live مہنگائی کا طوفان سے متعلق تازہ ترین معلومات