برسلز میں پاکستان اور یورپی یونین کے درمیان دسویں سیاسی مذاکرات کا انعقاد، فلسطین میں امن کی حمایت کا اعادہ

جمعرات 17 جولائی 2025 17:00

برسلز (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 17 جولائی2025ء) برسلز میں پاکستان اور یورپی یونین کے درمیان دسویں سیاسی مذاکرات کا انعقاد ہوا ، فریقین نے تنازعات کے حل کے لئے بات چیت اور سفارتکاری پر زور دیا اور فلسطین میں دیرپا اور منصفانہ امن کے قیام کی حمایت کا اعادہ کیا۔ برسلز میں پاکستانی سفارت خانہ کی طرف سے جاری بیان کے مطابق پاکستان اور یورپی یونین کے درمیان دسویں سیاسی مذاکراتی دور میں پاکستانی وفد کی قیادت سیکرٹری خارجہ آمنہ بلوچ جبکہ یورپی وفد کی قیادت ڈپٹی سیکرٹری جنرل یورپین ایکسٹرنل ایکشن سروس اولوف سکوگ نے کی۔

مذاکرات میں دو طرفہ دلچسپی کے حامل اہم علاقائی اور عالمی امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ پاکستان اور یورپی یونین نے 2019 کے اسٹریٹجک انگیجمنٹ پلان پر عملدرآمد کو یقینی بنانے کے عزم کا اعادہ کیا۔

(جاری ہے)

پاکستانی وفد کی جانب سے کشمیر کی صورتحال اور انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں کے حوالے سے مفصل بریفنگ دی گئی ۔فریقین نے تنازعات کے حل کے لئے بات چیت اور سفارتکاری پر زوردیا ۔پاکستان و یورپی یونین کی جانب سے فوری جنگ بندی کے لئے غزہ پر مشترکہ اپیل اور فلسطین میں دیرپا اور منصفانہ امن کے لیے حمایت کا اعادہ کیا۔ فریقین نے ساتویں پاک ۔یورپی یونین اسٹریٹجک ڈائیلاگ کے جلد انعقاد پر اتفاق کیا۔