مقبوضہ جموںوکشمیر: ریاستی درجہ کی بحالی کیلئے کانگریس کے خط کا خیر مقدم

جمعرات 17 جولائی 2025 17:59

سری نگر (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 17 جولائی2025ء) بھارت کے زیر قبضہ جموں وکشمیر کی سیاسی جماعتوں نے انڈین نیشنل کانگریس کے مرکزی رہنمائوں کی طرف سے بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی کو لکھے گئے خط کا خیرمقدم کیا ہے، جس میں کشمیرکا ریاستی درجہ بحال کرنے پر زور دیا گیا ہے۔کشمیر میڈیا سروس کے مطابق نیشنل کانفرنس نے کانگریس کے صدر ملکارجن کھرگے اور لوک سبھا میں قائد حزب اختلاف راہول گاندھی کی طرف سے مشترکہ طور پر لکھے گئے خط پر اپنی مسرت کا اظہار کیا ۔

خط میں بھارتی حکومت پر زور دیا گیا کہ وہ جموں وکشمیر کا ریاست کا درجہ بحال کرنے کے لیے پارلیمنٹ کے آئندہ اجلاس میں بل پیش کرے۔نیشنل کانفرنس کے ترجمان عمران نبی ڈار نے کہاکہ ہم اس اقدام کا خیرمقدم کرتے ہیں اور کانگریس قیادت کا شکریہ ادا کرتے ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ریاستی درجے کی بحالی میں مزید تاخیر کا کوئی جواز نہیں ہے ،امید ہے کہ حکومت اجلاس میں بل لائے گی۔

پیپلز ڈیموکریٹک پارٹی (پی ڈی پی) کے ترجمان موہت بھان نے کہا کہ ریاست جموں و کشمیر کے لوگوں کا حق ہے اور اس کی بحالی میں پہلے ہی تاخیر ہو چکی ہے۔وزیراعظم اور وزیر داخلہ نے اس کا وعدہ کیا ہے اور میں سمجھتا ہوں کہ کافی وقت گزر چکا ہے اور اب ریاستی درجہ بحال کیا جانا چاہیے۔تاہم بھان نے زور دے کر کہا کہ بنیادی مسئلہ آئین کی 370 اور 35A دفعات کی بحالی ہے، جنہیں نئی دہلی نے 5 اگست 2019 کو منسوخ کر دیا تھا۔

انہوں نے کہاکہ مذکورہ دفعات کی بحالی کے لیے پارلیمنٹ اور ملک کے تمام اداروں میں آواز اٹھانا اہم ہے۔دریں اثنا،کانگریس کی مقبوضہ جموں وکشمیر شاخ کے صدر طارق کرہ نے مودی کو لکھے گئے خط کے لیے پارٹی کی مرکزی قیادت کا شکریہ ادا کیا۔ کرہ نے ایکس پر لکھا ”میں راہول گاندھی اور ملکارجن کھرگے کا شکریہ ادا کرتا ہوں کہ انہوں نے وزیر اعظم مودی کو خط لکھ کر جموں و کشمیر کے لیے مکمل ریاست کا درجہ بحال کرنے اور لداخ کو 6 ویں شیڈول کا درجہ دینے پر زور دیا“۔