مولانا خانزیب کے قاتلوں کی عدم گرفتاری حکومت کی غفلت ہے ، میاں افتخارحسین

جمعرات 17 جولائی 2025 23:12

پشاور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 17 جولائی2025ء) اے این پی کے صوبائی صدر میاں افتخار حسین نے کہا ہے کہ مولانا خانزیب کی شہادت کو کئی دن گزر گئے قاتل تاحال گرفتار نہیں ہوئے ،بازاروںمیں کیمروں کے سامنے کارروائی ہوئی لیکن قاتل نامعلوم ہیں ۔باچا خان مرکز میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے میاں افتخار حسین نے کہا کہ سر عام بازار میں دہشتگردی ہوتی ہے اور ریاست کو پتہ بھی نہیں چلتا مولانا خانزیب ہماری آخری شہید نہیں مولانا خانزیب کس راستے میں رکاوٹ تھا مولانا خانزیب کا ایجنڈا امن اور جمہوریت تھا ۔

انہوں نے کہا کہ ہم آئین اور قانون کی بات کرتے ہیں دہشتگردوں کو تحفظ کون دے رہا ہے ۔میاں افتخار حسین نے کہا کہ باجوڑ میں دہشتگرد کھلے عام گھوم رہے ہیں صوبائی حکومت مکمل طور پر ناکام ہو چکی ہے ۔

(جاری ہے)

میاں افتخار حسین نے کہا کہ وزیر اعلی کے آبائی علاقے میں بھی حکومتی رٹ قائم نہیں خیبرپختونخوا میں آج بھی فیض حمید کی پالیسیاں چل رہی ہیں ۔

انہوں نے کہا کہ فیض حمید کس کی آنکھ کا تارا تھا فیض حمید کو اب تک سزا کیوں نہیں ملی عوام نے واضح کہا ہے کہ انہیں آپریشن نہیں چاہیے آپریشن کے نام پر ہمیں بے گھر کیوں کر رہے ہو کوئی آپریشن نہیں ہو رہا صرف معدنیات پر قبضہ جمانا ہے ۔ صوبائی صدر اے این پی نے کہا کہ مائنز اینڈ منرل بل پر بے نقاب ہونے کے بعد اب آپریشن کے نام پر معدنیات پر قبضہ کیا جا رہا ہے جمہوریت کی خاطر ہم برداشت کر رہے ہیں گزشتہ تین عام انتخابات میں نتائج تبدیل کیے گئے ۔

انہوں نے کہا کہ مولانا خانزیب کے قاتلوں کی عدم گرفتاری حکومت کی غفلت ہے ہماری جماعت کا کسی سے کوئی ذاتی دشمنی نہیں امن دشمن جو بھی ہو وہ ہمارا بھی دشمن ہے یہ کون سے دہشتگرد ہیں جو اٹک سے آگے اور سندھ میں نہیں جاتے دہشتگردوں کا خاتمہ اب ہونا چاہئے ۔